پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری

۔ 7اور 8کو پھر بارشیں اور برفباری ہوگی: موسمیات

تاریخ    5 دسمبر 2020 (00 : 01 AM)   


اشفاق سعید
 سرینگر //سخت سردی کے بیچ جمعہ کی صبح وادی میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ ہی بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج موسم ابرالود رہے گا جبکہ 7اور 8دسمبر کو ایک مرتبہ پھر وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کے ساتھ ہلکی برف باری ہونے کا امکان ہے ۔جمعہ کو دن بھر مطلع ابرالود رہنے کے بعد شام سے شہر اور وادی کے متعدد علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئیں جبکہ جواہر ٹنل، سمتھن ٹاپ، پیر کی گلی ، پہلگام اور دیگر علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی برفباری شروع ہوئی ۔سونہ مرگ، گلمرگ اور دیگر پہاڑی علاقوں میں بھی ہلکی برفباری ہوئی۔
کنگن سے نمائندے غلام نبی رینہ کے مطابق دراس میں چار بجے تک 2انچ، منی مرگ 4انچ اور زوجیلا میں 3 انچ برف ریکارڈ کی گئی جبکہ گگن گیر، کلن ،گنڈ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں بارشیں ہوئیں  ۔ گلمرگ اور پیر کی گلی میں تازہ برفباری ہوئی جسکے بعد تاریخی مغل روڑ ٹریفک کی آوا جاہی کے لئے بند کیا گیا ۔خیال رہے محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز 4اور5دسمبر کو وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور بارشوں کی پیش گوئی کی تھی ۔جبکہ ایک دو روز کے ٹھہراو کے بعد7اور 8دسمبر کو پھر ایک بار بارشوںاور برف باری کا امکان ظاہر کیا تھا۔ محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ کو شروع ہوا بارشوں اور برف باری کا سلسلہ سنیچر کی صبح تھم جائے گا جس کے بعد آج اور کل وادی میں موسم خشک البتہ ابرالود رہے گا ۔انہوں نے بتایا کہ 7اور 8دسمبر کو بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجہ کی برف باری ہو گی جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کے ساتھ ہلکی برف باری ہونے کی توقع ہے ۔
اس دوران شہر سرینگر میں جمعہ کودن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 10ڈگری ریکارڈ کیاگیا، وہیں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرات منفی1.2ڈگری سلسیش تھا۔ اسی طرح قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرات منفی1.2،گلمرگ منفی2.2پ،ہلگام میں منفی2.5ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔
 

تازہ ترین