ڈی ڈی سی انتخابات 2020 کا دوسرا مرحلہ | 49 فیصد پولنگ ریکارڈ

پونچھ میں سب سے زیادہ 75فیصد اور پلوامہ میں سب سے کم8فیصد شرح رہی

تاریخ    2 دسمبر 2020 (00 : 01 AM)   


بلال فرقانی
سرینگر // ریاستی الیکشن کمشنر کے کے شرما نے کہا ہے کہ ضلعی ترقیاتی کونسل کے دوسرے مرحلے کاجموں و کشمیر  میں کامیابی کے ساتھ انعقاد کیا گیا  جس میں 48.62 فیصد رائے دہندگی ریکارڈ کی گئی ۔یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ضلعی ترقیاتی کونسل انتخابات 2020 کے دوسرے مرحلے کے دوران بڑی تعداد میں لوگ اپنا ووٹ ڈالنے نکل آئے ۔کشمیر اور جموں ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کے باوجود صبح سے ہی لمبی قطاریں دکھائی دیتی تھیں۔انہوں نے کہا کہ ڈی ڈی سی کے 43 حلقوں میں  پولنگ پر امن رہی۔ ایس ای سی نے بتایا کہ کل 377401 رائے دہندگان نے 795118 ووٹرز میں سے 201792 مرد اور 175609 خواتین سمیت ووٹرز نے اپنی متعلقہ کونسلوں میں اپنے نمائندوں کا انتخاب کرنے کے لئے ووٹ دیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 2142 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ ہوئی جس میں کشمیر ڈویژن سے 1305 اور جموں ڈویژن سے 837 شامل تھے۔ کشمیر ڈویژن میں 33.34 فیصد رائے دہندگی ریکارڈ کی گئی۔ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بانڈی پورہ ضلع میں سب سے زیادہ 69.66 پولنگ ریکارڈ کی گئی ، اس کے بعد ضلع کپواڑہ میں 58.69 اور گاندربل میں قریب 49.14 پولنگ ہوئی۔ ایس ای سی نے بتایا کہ کشمیر ڈویژن میں پولنگ کا تناسب بڈگام میں 43.51 ، سرینگر میں 33.78 ، کولگام 29.90 ، بارہمولہ 28.95 ، شوپیاں میں 17.28 ، اننت ناگ 16.09 ، اور پلوامہ میں 8.67 فیصد رہا۔ایس ای سی نے مزید بتایا کہ جموں ڈویژن میں پونچھ ڈسٹرکٹ میں اوسطاً  65.54 فیصد ووٹنگ ہوئی ۔ اس کے بعد جموں ضلع میں 69.97 فیصد رہا۔ جموں ڈویژن میں سب سے کم ووٹنگ ضلع کٹھوعہ میں ہوئی جو 60.10 ریکارڈ کی گئی۔ کشتواڑ میں 61.64 ، ڈوڈہ میں 64.80 ، رام بن میں 66.23 ، ادھم پور میں 62.51 ، سانبہ میں 66.38 اور ریاسی میں 69.27 اور راجوری میں 60.21 پولنگ ریکارڈ کی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ دوسرے مرحلے میں رائے شماری کرنے والے سرپنچ اور پنچ حلقوں کے ووٹوں کی گنتی پول کے اختتام کے فورا. بعد کی جارہی ہے اور اس کے بعد ہی نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

تازہ ترین