ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات| گپکاراتحاد کے انتخابی مہم چلانے پرروک

بھاجپاپیپلزالائنس سے خوفزدہ:محبوبہ مفتی

تاریخ    26 نومبر 2020 (00 : 01 AM)   


شاہدٹاک
شوپیان//’عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ‘ کے ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات میں حصہ لینے کے فیصلے سے بھارتیہ جنتاپارٹی خوفزدہ ہوگئی ہے اوراسء وجہ سے اس اتحاد کے اُمیدواروں کوجنوبی کشمیرمیں انتخابی مہم چلانے سے روک دیاگیا ہے۔اس بات کااظہار پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے  زین پورہ شوپیان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ وہ یہاں عوامی اتحادبرائے گپکار اعلامیہ اُمیدوار سے ملنے آئی ہیںجن کا الزام ہے کہ اُنہیں گزشتہ پندرہ روز سے گھر سے باہرآنے نہیں دیاگیا۔سابق وزیراعلی نے لیفٹینٹ گورنر منوج سنہااور الیکشن کمشنرکے کے شرما کے اِن دعوئوں کہ ہراُمیدوار کوانتخابی مہم چلانے کی اجازت ہے،غلط اورحقائق سے بعید قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ عوامی اتحادبرائے گپکاراعلامیہ کوانتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے اورانہیں سیکورٹی کے بہانے بندرکھاگیا ہے ۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ اسی وجہ سے وہ آج یہاں آئی ہیں کہ وہ لوگوں کو بتائیں کہ وہ صرف عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کے امیدواروں کو ہی ووٹ دیںتاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی کودوررکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کے امیدوارجموں کشمیر کی اُس شناخت ،جو اِس سے چھین لی گئی ،کوبحال کرنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ضلع ترقیاتی کونسل نشستیں حاصل کرنے کیلئے بھارتیہ جنتاپارٹی ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرے گی ۔اس لئے لوگوں کو ہوشیاررہنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کاخیال تھا کہ نیشنل کانفرنس ، پی ڈی پی ، پیپلز کانفرنس اور سی پی آئی (ایم)  جیسی جماعتیںڈی ڈی سی انتخابات میں حصہ نہیں لیں گی تاکہ وہ’چوردروازے ‘کے ذریعہ اپنے امیدواروں کی فتح کو یقینی بناسکیں۔ایک سوال کے جواب میں محبوبہ مفتی کاکہناتھاکہ روشنی اسکنڈل کاڈھنڈورہ اس لئے پیٹاجاتا ہے تاکہ لوگوں کی توجہ اصل معاملات سے ہٹائی جائے ۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی والے کشمیریوں کی توجہ ہٹانے کیلئے چالیں چل رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بعض اوقات ، یہ فاروق عبد اللہ کو طلب کرنے کے لئے ڈی سی کا استعمال کرتے ہیں اور اب روشنی اسکیم ایک نئی چال چل رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر مجھے روشنی گھوٹالہ میں ملوث پایا جاتاہے تو میں جیل جانے کیلئے تیار ہوں۔
 

تازہ ترین