قاضی گنڈ سے ریلوے سٹیشن بانہال تک ساڑھے 8 کلومیٹر طویل ٹنل کی تعمیر

فورلین بائی پاس اور ٹول پلازہ بانہال کا کام آخری مراحل میں داخل ہوگیا

تاریخ    22 نومبر 2020 (00 : 01 AM)   


محمد تسکین
بانہال // جموں سرینگر قومی شاہراہ کے فورلین پروجیکٹ کے مختلف مراحل اور شعبوں پر کام جاری ہے اور فورلین شاہراہ کے کئی مقامات پر تعمیراتی ایجنسیاں دن رات کام کر رہی ہیں۔ بانہال اور قاضی گنڈ کے درمیان ساڑھے 8 کلومیٹر کی لمبائی والی دو سرنگوں پر مشتمل فورلین ٹنل کا کام جہاں آخری مراحل میں داخل ہوا ہے ،وہیں گنڈ ٹھٹھاڑ کے مقام قائم فورلین ٹنل کے بانہال دھانے سے لیکر بانہال قصبے کے سیڈ ھاؤس پل کے قریب تک موجودہ شاہراہ کو بائی پاس کرنے والی قریب 8 کلومیٹر فورلین سڑک، فلائی اوور اور ٹنل میں داخل ہونے سے پہلے عشر اور لامبر گاؤں کے درمیان ٹول پلازہ پر بھی کام شدومد سے جاری ہے اور آئند سال کے پہلے چند ماہ تک فورلین ٹنل اور فورلین ٹنل سے بانہال قصبہ تک سڑک کو مکمل کئے جانے کی امید ہے۔ فورلین ٹنل اور ٹنل اور بانہال کے درمیان فورلین شاہراہ کا یہ حصہ نویگہ انجینئرنگ اینڈ انفراسٹرکچرس کے پاس ہے جبکہ بانہال قصبے کو مکمل طور سے بائی پاس کرنے والے حصے پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کام شروع کرنے میں تاحال ناکام ہے اور آٹھ نو سال پہلے رامکی نامی کمپنی سے بانہال بائی پاس کا الاٹ کام چھین کر کسی اور کمپنی کو سونپ دیا گیاہے لیکن کام ابھی تک شروع نہیں کیا جاسکا ہے۔ فورلین ٹنل کے دھانے سے بانہال قصبے تک فورلین سڑک جس کا بڑا حصہ فلائی اور پر مشتمل ہے پر میکڈم ڈالا جارہا ہے اور بانہال ریلوے سٹیشن اور نوگام کے نزدیک موجودہ جموں سرینگر شاہراہ شاہراہ کے دامن سے نکلنے والے قاضی گنڈ ۔ بانہال فورلین ٹنل اور ریلوے چوک تک بیشتر کام مکمل کیا گیا ہے جبکہ ریلوے سٹیشن بانہال چوک سے ملبری نرسری اولڈ ٹول پوسٹ بانہال کے درمیانی حصے پر کام جاری ہے۔ تعمیراتی کمپنی ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ٹنل اور بانہال تک فورلین سڑک کا بیشتر کام مکمل کیا گیا اور بقایا کام کو مکمل کرنے کیلئے دن رات کام کیا جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ موسم سرما کے دوران بھاری برفباری کی وجہ سے کام متاثر ہونے کا امکان ہے اور امید ہے کہ آئندہ سال کے پہلے چند مہینوں تک بانہال تک بائی پاس جو مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بانہال ریلوے سٹیشن اور فورلین ٹنل کے درمیان قریب آٹھ کلومیٹر کی سڑک مکمل ہے اور اسے میکڈمائز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عشر اور لامبر کے گاؤں کے درمیان فورلین شاہراہ پر ٹول پلازہ کا کام بھی زوروں پر چل رہا ہے اور آئندہ سال کے وسط تک اس حصے پر ٹریفک چل سکتا ہے۔  

تازہ ترین