تازہ ترین

ڈوڈہ میں ’ہل اور ہاتھ ‘ساتھ ساتھ | بھاجپاکے مقابل گندنہ و مرمت سے مشترکہ امیدوار اتارنے کا فیصلہ

تاریخ    21 نومبر 2020 (00 : 01 AM)   


اشتیاق ملک
ڈوڈہ //کانگریس و نیشنل کانفرنس نے ڈوڈہ اسمبلی حلقہ میں ضلع کونسل انتخابات میں مشترکہ امیدوار کھڑا کرنے پر اتفاق ظاہر کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا کہ فرقہ پرست طاقتوں کو اقتدار سے باہر رکھنے کے لئے دونوں جماعتوں کا یک جٹ ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اس سلسلہ میں سابق وزیر و نیشنل کانفرنس ضلع صدر خالد نجیب سہروردی کی رہائش گاہ پر ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں سابق وزیر عبدالمجید وانی نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرمت حلقہ سے کانگریس کی ٹکٹ پر مشتاق احمد بٹ کو امیدوار نامزد کیا جس میں نیشنل کانفرنس کی پوری حمایت رہے گی وہیں گندنہ سے ایڈووکیٹ عاصم ہاشمی نیشنل کانفرنس کے امیدوار ہوں گے اور کانگریس اس کا تعاون کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ فرقہ پرست طاقتوں کو روکنے کیلئے کیا گیا۔سابق وزراء نے کہا کہ بی جے پی نے ملک بھر میں جو ماحول پیدا کیا ہے اس سے سیکولر طبقہ سخت پریشان ہے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ فرقہ پرست جماعت کے عزائم کو ناکام بنا کر کانگریس و نیشنل کانفرنس کے مشترکہ امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔انہوں نے کہا کہ وقتی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اتفاق و اتحاد کی سخت ضرورت ہے اور اس اتحاد میں پی ڈی پی کی بھی شامل ہے۔واضح رہے کہ گندنہ و مرمت حلقوں سے بی جے پی کے سابق وزیر شکتی راج پریہار میدان میں اترے ہیں۔