تازہ ترین

امریکہ کا مالدیپ میں سفارت خانہ کھولنے کا اعلان

تاریخ    30 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


لندن//امریکہ نے مالدیپ میں اپنا سفارت خانہ کھولنے کا اعلان کیا ہے، تا کہ دونوں ملکوں کے درمیان معاشی اور سلامتی سے متعلق تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔ امریکہ کے مالدیپ کے ساتھ گزشتہ پانچ عشروں سے سفارتی تعلقات قائم ہیں۔مائیک پومپیو نے بدھ کے روز مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد صالح اور وزیر خارجہ عبداللہ شاہد سے ملاقات کے بعد اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس اقدام سے امریکہ اور مالدیپ کے درمیان فروغ پاتے تعلقات، امریکہ کی مالدیپ اور انڈو پیسیفک خطے کے لئے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتا ہے۔امریکہ کا فی الحال مالدیپ میں سفارت خانہ نہیں ہے۔ تاہم مالی میں ایک امریکن سینٹر قائم ہے۔ مالدیپ سے متعلق امور کو سری لنکا میں امریکی سفیر اور سفارت خانے کا عملہ دیکھتا ہے اور گاہے بگاہے وہاں کا دورہ بھی کرتا رہتا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ پومپیو کے جنوبی ایشیائی ریاستوں کے دورے سے پہلے، 10 ستمبر کو امریکہ نے مالدیپ کے ساتھ ایک دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے تا کہ بحرِ ہند میں امن اور سلامتی کے لیے تعاون کو ٹھوس بنایا جائے۔ بھارت تاریخی طور پر اپنی سرحدوں کے قریب غیر ملکی موجودگی کو شک کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ تاہم، امریکی عہدیداروں کے مطابق، اس بار اس نے اس معاہدے کی حمایت کی ہے۔حالیہ برسوں میں امریکی بحری بیڑے مسلسل مالدیپ کی بندرگاہوں سے مستفید ہوتے رہے ہیں۔ جزیروں کا ملک کہلانے والے مالدیپ نے دہشت گردی اور اس کے لیے مالی معاونت کے خلاف جنگ میں امریکی کاوشوں کی حمایت کی ہے۔
 

تازہ ترین