’ ہم بھاجپا مخالف، ملک دشمن نہیں‘ : فاروق

تاریخ    25 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


بلال فرقانی
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ’عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ‘ بی جے پی مخالف ضرور ہے لیکن ملک دشمن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ملک کے آئین کو تہس نہس کرنے کے علاوہ اس ملک کو تقسیم بھی کر دیا ہے۔فاروق عبداللہ نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا’’بی جے پی غلط پروپیگنڈا کر رہی ہے کہ گپکار کے لوگ قوم دشمن ہیں، میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہم قوم دشمن نہیں ہیں، بی جے پی  مخالف ضرور ہیں، اس میں کوئی شک نہیں ہے‘‘۔ فاروق عبداللہ نے بی جے پی پر ملک کے آئین کو تہس نہس کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا’’انہوں نے ملک کے آئین کو ملیا میٹ کیا ، انہوں نے اسے تقسیم کرنے کی کوشش کی ، فیڈرل ڈھانچے کو توڑنے کی کوشش کی ہے جس کی مثال5 اگست 2019 کے فیصلے ہیں، انہوں نے آئین کو تہس نہس کیا ‘‘۔ انہوں نے کہا’’ان سے میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہم قوم دشمن نہیں ہیں، ہمارا مقصد جموں و کشمیر اور لداخ کے لوگوں کے جو حقوق ہیں وہ انہیں واپس ملنے چاہیے، ہماری لڑائی اس کیلئے ہے،ہماری لڑائی اس سے زیادہ نہیں ہے‘‘۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ بی جے پی لوگوں کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہے جس میں اسے کامیابی نہیں ملے گی۔ ان کا کہنا تھا’’جو یہ پروپیگنڈا جموں اور ملک کی دوسری جگہوں پر کر رہے ہیں، ہم لوگوں کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کی، ان کی یہ کوشش ناکام ثابت ہوگی۔ یہ مذہبی لڑائی نہیں ہے، یہ وطن کے تشخص کی لڑائی ہے، اس تشخص کو بحال کرنے کے لئے ہم لوگ ایک ساتھ کھڑے ہیں'۔ان کا مزید کہنا تھا: 'جہاں ہم اٹانومی کی بات کرتے ہیں، دفعہ 370 کی بحالی کی بات کرتے ہیں وہاں ہم جموں اور لداخ کی علاقائی خودمختاری کی بات بھی کرتے ہیں۔ ان کو بھی لگنا چاہیے کہ وہ برابر کے حصے دار ہیں‘
 

تازہ ترین