تازہ ترین

جموں وکشمیر میں علاقائی جماعتوںکااتحادخوش آئند:چدمبرم

کانگریس دفعہ370کی بحالی کے حق میں

تاریخ    18 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


نئی دہلی//کانگریس نے جموں کشمیرکی علاقائی جماعتوں کے اتحاد کاخیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ جموں کشمیرمیں دفعہ370اور لوگوں کے حقوق کوبحال کیا جائے ۔کانگریس کے سینئر رہنما پی چدمبرم نے کہا کہ مرکز کو ہندنوازسیاسی جماعتوں اور جموں کشمیرکے لوگوں کو ’قوم دشمن ‘ ہونے کی نظر سے دیکھنے کو ترک کرناچاہیے ۔چدمبرم کایہ بیا ن جموں کشمیرمیں دفعہ 370 کی بحالی کیلئے علاقائی جماعتوں کے اتحاد کے معرض وجود میں آنے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔چدمبرم نے ٹوئٹر پر لکھا،’’جموں کشمیرکی علاقائی جماعتوں کا جموں کشمیر اورلداخ کے لوگوں کے حقوق کی بحالی کیلئے آئینی جنگ لڑنے کیلئے اکٹھے ہونا ایک اہم پیش رفت ہے جس کابھارت کے تمام لوگوں کو خیر مقدم کرنا چاہیے۔‘‘ سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ کانگریس جموں کشمیرکے لوگوں کے درجہ اور حقوق کی بحالی کی طرفدار ہے اور مودی حکومت کی5اگست2019کے غیرآئینی فیصلوں کو واپس لیا جانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو جموں کشمیرکے ہندنوازسیاست دانوں اور لوگوں کو قوم دشمن ہونے کی نظر سے دیکھنا ترک کرناچاہیے۔