تازہ ترین

پہلگام میں2 روزہ خزاں میلہ شروع

کشمیر کی سیاحتی صلاحیتوں کی بیرونِ ملک تشہیر لازمی: بصیر خان

تاریخ    18 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


پہلگام // حکومت جموں کشمیر یو ٹی میں سیاحت کی بحالی کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہیںاور محکمہ سیاحت نے آنے والے سیزن کے لئے سرگرمیوں کا کلینڈر مرتب کیا گیاہے تا کہ یو ٹی میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو ۔ان باتوں کااظہار لیفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیراحمدخان نے پہلگام میں دوروزہ خزاں میلے کاافتتاح کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں کشمیر میں کافی سیاحتی صلاحیت موجود ہے  جس کی بیرونِ ملک تشہیر لازمی ہے ۔سیکرٹری سیاحت ، ثقافت اورامور نوجوان و کھیل کود سرمد حفیظ نے اپنے استقبالیہ خطبہ میں کہا کہ محکمہ سیاحتی  سرگرمیوں کو دوبارہ متحرک کرنے کے لئے متعدد سرگرمیوں کا منصوبہ بناچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دنیا کی حقیقت یہ ہے کہ ہمیں کووِڈ کے ساتھ زندہ رہنا ہے اور تمام احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز کے ساتھ سرگرمیاں انجام دینا ہوں گی۔اس موقعہ پر ناظم سیاحت نثار احمد وانی ، ڈائریکٹر ایس کے آئی سی سی جاوید بخشی، سی ای او پی ڈی اے مشتا ق سمنانی، ضلعی انتظامیہ اور سیاحت کے سینئر افسران اور بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔اس سے قبل مشیربصیرخان نے مختلف محکموں جیسے باغبانی ، زراعت ، دستکاری ، ہینڈلوم ، سیاحت ، جے کے ٹی ڈی سی ، ماہی پالن ، جواہر انسٹی چیوٹ آف کوہاٹیرنگ اور کچھ مقامی سماجی کاروباری اداروں کے ذریعہ لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا۔لوگوں نے محکمہ کی طرف سے لگائے گئے سٹالوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔شام کوتین گھنٹے کا ثقافتی اور موسیقی پروگرام پیش ہوا جس میں موجود سامعین محظوظ ہوئے اور فنکاروں کو داد دی۔ فیسٹیول کے دوسرے دن ہونے والے مقابلوں میں پہلگام سے آرؤ تک ماؤنٹین بائیکنگ اور ٹریکنگ ریلی شامل ہے جس میں ایڈونچر ٹور آپریٹرس ایسوسی ایشن کشمیر کے زیر اہتمام اور  لِدر ویلی گولف کورس میں گالف ٹورنامنٹ شامل ہیں۔خزاں فیسٹول محکمہ کی جانب سے کووِڈ۔19پابندیوں کو واپس لینے اور ایس او پیز میں نرمی کے بعد حال ہی میں چلائی جانے والی پروموشنل مہم کا ایک حصہ ہے۔ حال ہی میں محکمہ کے افسران کی ایک ٹیم سیاحت کے شعبے کو بحال کرنے کے لئے پروموشنل سرگرمیوں کے ایک حصے کے طور پر کولکتہ کا دورہ کیا ۔محکمہ کے ذریعہ گجرات اور مہاراشٹر کے ٹور آپریٹرس کے ساتھ بھی ویب ناروں کا اہتمام کیا گیا تھا۔