جموں وکشمیر پنچایت ایکٹ میں ترمیم| ضلع ترقیاتی کونسلوں کا قیام

ہر ضلع 14علاقائی حلقوں میں تقسیم ،اراکین کا انتخاب براہ راست ہوگا

تاریخ    18 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


بلال فرقانی
سرینگر // جموں کشمیر میں انتخابی حلقوں کی حد بندی کے عمل کا آغاز کردیا گیا ہے اور سب سے پہلے ایک اہم اقدام کے طور پر ضلع ترقیاتی کونسلوں کے قیام کیلئے جموں و کشمیر پنچایتی راج قانون1989 میں ترمیم کی گئی ہے جس کیلئے ہر ضلع کو ارکان کے انتخاب کیلئے 14 علاقائی انتخابی حلقوں میں تقسیم کیا جائے گا، جن کا براہ راست انتخاب عمل میں لایا جائیگا۔ مرکزی سرکار کی جانب سے جاری جموں وکشمیر تنظیم نو (ریاستی قوانین کی اصلاح) کے چوتھے حکم نامہ ، 2020 کے مطابق ، ہر ضلع کیلئے ایک ضلعی ترقیاتی کونسل ہوگی۔ ترقیاتی کونسل کادائرہ پورے ضلع ماسوائے قانون کے تحت تشکیل دی گئی میونسپلٹی یا میونسپل کارپوریشن پر ہوگا۔ ضلعی ترقیاتی کونسل میں ضلع کے علاقائی حلقوں سے براہ راست منتخب ممبران ، قانون ساز اسمبلی کے ممبران اور ضلع کی تمام بلاک ڈیولپمنٹ کونسلوں کے چیئرپرسن شامل ہونگے۔جموں و کشمیر کی پنچایت میں وزارت داخلہ امور کی طرف سے کی جانے والی ترامیم کے مطابق ضلعی ترقیاتی کونسل کے تمام اراکین ، خواہ ضلع کے علاقائی انتخابی حلقوں سے براہ راست انتخابات کے ذریعے منتخب ہوں یا نہ ہوں ، کوضلعی ترقیاتی کونسل کے اجلاس میں ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہو گا۔لیکن چیئرمین یا وائس چیئرمین کے انتخاب یا ہٹانے کی صورت میں ممبران اسمبلی کو رائے دہندگی یعنی ووٹ ڈالنے کا کوئی حق نہیں ہوگا بلکہ صرف براہ راست منتخب ہوئے ممبروں کو ہی ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہوگا۔جموں و کشمیر کے پنچایتی راج قانون 1989 میں کی گئی ترامیم کے مطابق ، ہر ضلعی ترقیاتی کونسل میں قائمہ کمیٹی برائے خزانہ، قائمہ کمیٹی برائے ترقی، قائمہ کمیٹی برائے تعمیرات عامہ؛ قائمہ کمیٹی برائے صحت و تعلیم اورقائمہ کمیٹی برائے بہبودہواکرے گی۔ ترامیم میں مزید کہا گیا ہے کہ ہر ضلع میں ، ضلع کی نمائندگی کرنے والے ممبران پارلیمنٹ ، ضلع کے اندر موجود علاقوں کی نمائندگی کرنے والی ریاستی قانون ساز اسمبلی کے ممبر ، ضلع کی ضلعی ترقیاتی کونسل کے چیئرپرسن ، اس کے چیئرپرسن پر مشتمل ایک ضلعی منصوبہ کمیٹی ہوگی۔ ٹاؤن ایریا کمیٹیاں ،ضلع کی میونسپل کمیٹیاں ، میونسپل کونسل،میونسپل کارپوریشن کے صدر ، اگر کوئی ہو تو ، ضلعی ترقیاتی کمشنر ، ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر ، ضلعی شماریات اور تشخیص افسر ، چیف منصوبہ بندی آفسر اور ، تمام ضلعی سطح کے افسران کمیٹی کے ممبران ہونگے۔ جموں و کشمیر پنچایتی راج قانون 1989 میں کی گئی ترامیم میں یہ کہاگیاہے کہ ضلع یاعلاقہ کے منتخب ممبر پارلیمنٹ کمیٹی کا چیئرپرسن ہوگا۔

تازہ ترین