تازہ ترین

ریچھ کے حملے میں شہری مضروب

تاریخ    6 اکتوبر 2020 (00 : 02 AM)   


محمد تسکین
بانہال// سب ڈویژن بانہال کے ترگام کھڑی علاقے میں ریچھ کے ایک حملے میں ایک شخص شدید زخمی ہوا ہے اور اسے ایمرجنسی ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا ہے۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پیر کی صبح عبد الرحیم چوند ولد عبد الاحد چوند کھڑی ترگام کے چیرواڑی علاقے میں کسی کام سے کہیں جارہا تھا کہ راستے میں ایک ریچھ نے عبد الرحیم چوند پر حملہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ریچھ کے حملے میں عبد الرحیم زخمی ہوا اور اس کی گردن اور چہرے پر ریچھ کی طرف سے گاڑھے گئے پنچوں کی وجہ سے شدید زخم آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیخ وپکار کے بعد لوگ بچاؤ کیلئے دوڑ پڑے اور لوگوں کو اپنی طرف آتا دیکھ کر ریچھ زخمی کو وہیں چھوڑ کر وہاں سے فرار ہو کر جھاڑیوں کی طرف بھاگ گیا۔ لوگوں نے زخمی کو پرائمری ہیلتھ سینٹر کھڑی منتقل کیا جہاں سے اسے فوری طور پر ایمرجنسی ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ عبد الرحیم چوند کو ابتدائی طبی امداد دی گئی ہے اور اس کی حالت بہتر ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف بانہال نے اس سلسلے میں ضروری کارروائی کی ہے۔