نیلہ ڈوروہ شوپیان میں فائرنگ

محکمہ دہی ترقی کا عارضی ملازم ہلاک

تاریخ    29 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


شاہد ٹاک
شوپیان // جنوبی کشمیر میں شوپیان کے نیلہ ڈورہ گائوں میں مشتبہ جنگجوئوں نے محکمہ دہی ترقی میں کام کررہے ایک عارضی ملازم نوجوان کو گولیاں مار دیں جو شدید طور پر زخمی ہوا اور صدر اسپتال پہنچانے کے دوران دم توڑ بیٹھا۔ یہ واقعہ نیلہ ڈورہ گائوں میں شام قریب 7بجے پیش آیا۔ سبزار احمد نائیکو ولد عبدالرشید کو گائوں میں ہی اپنے گھر کے باہر نامعلوم اسلحہ برداروں نے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید طور پر زخمی ہوا۔ اسکے جسم میں تین گولیاں پیوست ہوئیں تھیں۔اسے فوری طور پر ضلع اسپتال شوپیان منتقل کردیا گیا جہاں سے اسکی نازک حالت دیکھ کر اسے صدر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ پہنچتے ہی دم توڑ چکا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ وہ محکمہ دہی ترقی میں عارضی ملازم  ہے۔ اسکی ہلاکت کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ واقعہ پیش آنے کے ساتھ ہی یہاں پولیس و فورسز کی بھاری تعداد پہنچ گئی اور انہوں نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کئی ممکنہ اور مشتبہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے اور مقامی لوگوں سے واقعہ کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔
 

تازہ ترین