اٹل ڈولو نے میڈیکل کالج جموں کا دورہ کیا | مریضوں سے انکا حال پوچھا، بہتر علاج و معالجہ فراہم کرنے کی تلقین

تاریخ    27 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


نیوز ڈیسک
جموں//فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم اٹل ڈولو نے سنیچر کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کا دورہ کر کے وہاں آئسو لیشن وارڈ ، آکسیجن سپلائی پلانٹ اور کنٹرول روم کا معائینہ کر کے جاری کووڈ وباء کے پیش نظر مریضوں کو فراہم کی جا رہی طبی سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ فائنانشل کمشنر کے ہمراہ جے ایم سی جموں کے مئیر ، سی ای او جے کے ، اکنامک ری کنسٹریکشن ایجنسی ، پرنسپل جی ایم سی جموں ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے میڈیکل سپلائیز کارپوریشن لمٹیڈ ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جی ایم سی اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے ۔ کنٹرول روم کے معائینے کے دوران اٹل ڈولو نے ملازمین کو مریضوں کا باقاعدہ ریکارڈ رکھنے اور انہیں بہترین علاج و معالجہ سہولیت فراہم کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے جی ایم سی اور اس سے منسلک ہسپتالوں میں داخل مریضوں کا حال احوال بذریعہ ٹیلی فون پوچھا اور انہیں ہسپتالوں میں فراہم کی جا رہی سہولیات کے بارے میں بھی اُن کی آراء طلب کیں ۔ بعد میں فائنانشل کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کی ایک میٹنگ طلب کی تا کہ جی ایم سی کی جانب سے عوامی توقعات کے مطابق فراہم کی جا رہی طبی سہولیات کو یقینی بنایا جا سکے اور عوام کی شکایات کا ازالہ یقینی بنایا جا سکے ۔ متعلقہ افسران کو آکسیجن کی وافر مقدار دستیاب رکھنے اور اس کے استعمال سے متعلق یومیہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے محکمہ ناپ تول کے حکام کو جی ایم سی میں افسر تعینات کرنے کیلئے کہا جو آکسیجن سلینڈروں کے دباؤ کا معائینہ کریں گے اور دن میں دو دفعہ یعنی صبح اور شام کو اس سلسلے میں رپورٹ پیش کریں گے ۔ دورانِ میٹنگ آکسیجن سہولیت والے بستروں کی تعداد میں اضافہ اور دیگر سہولیات پر بھی غور و خوض ہوا ۔ اٹل ڈولو نے سینئر ڈاکٹروں کو دیگر کنسلٹینٹوں ، نرسوں ، نیم طبی عملے اور فارمسسٹوں کے ساتھ ہسپتال کی وارڈوں کا باقاعدہ دورہ کر کے مریضوں کیلئے مناسب و معقول طبی سہولیات فراہم کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ آکسیجن سپلائی میں اضافہ سے متعلق میٹنگ میں جی ایم سی میں 17.29 کروڑ روپے کی مالیت کا لکوڈ آکسیجن پلانٹ فوری طورقائم کرنے کا فیصلہ لیا گیا ۔ 
 

تازہ ترین