گاندربل اور کنگن کی متعدد سڑکیں تباہ حال | برسوں سے نہ مرمت ہوئی نہ میکڈم بچھایا گیا ،مقامی لوگ حکام سے نالاں

تاریخ    27 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


ارشاد احمد
گاندربل //ضلع گاندربل کی متعدد رابطہ سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں لیکن حکام ان سڑکوں کی تعمیر ومرمت کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہے جس کے نتیجے میں مکینوں کو عبور ومرور میں سخت ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔کنگن سے ملحقہ علاقہ نجون،اور اکہال کی رابطہ سڑک کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں، مقامی لوگوں نے اگرچہ متعدد بار حکام کو سڑک کی مرمت کے حوالے سے آگاہ کیا لیکن محکمہ اس سڑک کی مرمت میں لیت لعل سے کام لے رہا ہے اور عوام کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سالوں سے نجون اور اکہال کی رابطہ سڑک برسوں سے مرمت کی منتظر ہے کیونکہ اس سڑک پر چلنے والی گاڑیوں کے مالکان جہاں آجز آچکے ہیں وہیں عام شہری بھی پیدل چلنے سے کتراتے ہیں کیونکہ یہ سڑک جگہ جگہ سے اکھڑ چکی ہے اور سڑک کے بیچوں بیچ گہرے کھڈے پیدا ہو چکے ہیں ۔لوگوں نے بتایا کہ جب معمولی بارش ہوتی ہے ،تو یہ سڑک کچڑے کے ڈھیر میں تبدیل ہو جاتی ہے پھر اس سڑک پر لوگوں کا چلنا پھرنا بھی محال ہو جاتا ہے، جبکہ دھوپ ہوتے ہی سڑک پر گردغبار کے بادل چھا جاتے ہیں۔ایک مقامی شہری جاوید احمد شیح نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگر اس سڑک کے ساتھ منسلک بستوں میں کوئی بیمار ہو جاتا ہے تو اس کو ہسپتال پہنچانے میں بھی انہیں کافی دقتیں پیش آتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے متعدد بار سڑک کی مرمت کے حوالے سے ضلع انتظامیہ اور محکمہ تعمیرات عامہ کو آگاہ کیا لیکن سڑک کی حالت جوں کی توں ہے اور اس طرف کوئی بھی دھیان نہیں دیا جاتا ہے ۔اسی طرح ضلع کے دیگر علاقوں کی رابطہ سڑکیں بھی مرمت کی منتظر ہیںان میں کچ نمل سے چھترگل ، وسن سے ژنر ، ہاری پورہ سے بونہ زل شامل ہیں۔ یہ سڑکیں بھی انتہائی خستہ حالت میں ہیں اور ان کی مرمت کی طرف بھی محکمہ کوئی دھیان نہیں دے رہا ہے ۔مقامی لوگوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان سڑکوں کی فوری مرمت کیلئے اقدامات کئے جائیں تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
 
 

تازہ ترین