۔1089 سرپنچ اور 12168 پنچ نشستوں کیلئے چنائو کو منظوری

پی ایم پیکیج کے تحت کشمیری مائیگرنٹ اور غیر مائیگرنٹ پنڈت اہل

تاریخ    24 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//انتظامی کونسل کی میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی ،  جس نے دیہی ترقی محکمہ کی جانب سے پیش کی گئی خالی سرپنچوں و پنچ حلقوں کیلئے انتخابات کے انعقاد کیلئے نوٹیفکیشن جاری کرنے کو منظور ی دی ۔ اس ضمن میںمفصل شیڈول کو انتخابی حکام حتمی شکل دیں گے ۔ ان خالی پڑی آئینی اسامیوں کو پُر کرکے لوکل سیلف گورنمنٹ کی تیسری سطح پر بنیادی سطح پر منصوبہ بندی اور اختیارات کا تفویض یقینی بنے گا ۔ اس سے غیر فعال پنچائتیں متحرک ہو جائیں گی ۔ اس سے قبل پنچائتوں کیلئے 2018 میں انتخابات منعقد کئے گئے تھے جن میں سے 13257 نشستیں  استعفیٰ دینے کے سبب خالی پڑی ہیں ۔ ان خالی پڑی نشستوں میں سے 1089 سرپنچ جبکہ 12168 پنچوں کی نشستیں ہیں ۔انتظامی کونسل نے 1997 سُپر نیومرری اسامیوں کی ری ایلو کیشن کو منظوری دی ۔ ان اسامیوں پر درج کشمیری مائیگرنٹوں اور غیر مائیگرنٹ کشمیری پنڈتوں کو بھرتی کیا جائے گا جو وزیر اعظم پیکیج کے تحت کشمیر میں بود و باش اختیار کرنے اور اپنے فرایض انجام دینے کیلئے تیار ہوں ۔ انتظامی کونسل نے یہ بھرتی تحریری امتحان سکل ٹیسٹ کی بنیاد پر منعقد کرنے کو بھی منظوری دی اور ان اسامیوں کیلئے کوئی زبانی انٹر ویو نہیں ہو گا ۔ جموں کشمیر بھرتی بورڈ محکمہ آفاتِ سماوی ، امداد ، باز آباد کاری و تعمیر نو کی جانب سے ان اسامیوں کو ریفر کرنے کے بعد چھ ماہ کے اندر مناسب اُمیدواروں کا انتخاب عمل میں لائے گا ۔ ری ایلو کیٹڈ اسامیوں میں سب انسپکٹر کمرشل ٹیکسز اور محکمہ خزانہ میں اسسٹنٹ کمپائیلر ( 997 ) اسامیوں کی تعداد ہے ۔ فیلڈ اسسٹنٹ ، فیلڈ سُپر وائیزر مشروم اور محکمہ زرعی پیداوار و بہبودی کسان میں اسسٹنٹ سٹور کیپر( 150 ) ، محکمہ خوراک ، شہری رسادات و امور صارفین کیلئے ڈیپو اسسٹنٹ (300 ) ، محکمہ مال میں درجہ چہارم آسامیاں ( 550 ) ہیں ۔ ان آسامیوں کیلئے تیز تر بنیاد پر بھرتی کیلئے بھرتی قواعد آسان بنا دئیے گئے ہیں اور اُمیدواروں کا گریجویٹ ، ہائیر سکینڈری پاس اور میٹرک پاس ہونا لازمی ہے ۔ اسامیوں کی موجودہ ری ایلو کیشن 2015 میں اعلان شدہ 3000 آسامیوں کا ہی حصہ ہے ۔ اب تک اس ضمن میں صرف 806 انتخاب عمل میں لائے گئے ہیں جبکہ 1997 آسامیاں مختلف وجوہات کے سبب ابھی تک پُر نہیں کی گئیں ۔ اسامیوں کی ری ایلو کیشن کا فیصلہ پی ایم پیکیج کے تحت بھرتی عمل میں سرعت لانا ہے اور روز گار کے فوائد کشمیری مائیگرنٹوں اور نان مائیگرنٹ کشمیری پنڈتوں کو فائدہ پہنچانا ہے ۔ 

تازہ ترین