بی ڈی سی چیئرمین ہلاک

ڈلواش کھاگ بیروہ میں مشتبہ جنگجوئوں کی فائرنگ

تاریخ    24 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


ارشاد احمد +سید اعجاز

  پلوا مہ قصبہ میں گرینیڈ حملہ،فورسز ناکہ پارٹی کو نشانہ بنایا گیا

 
بڈگام +پلوامہ//ڈالوش کھاگ بیروہ میں مشتبہ جنگجوئوں نے بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئرمین کھاگ کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔ اس دوران جنوبی کشمیر کے پلوامہ ٹائون میں جنگجوئوں نے فورسز کی ایک ناکہ پارٹی پر حملہ کیا تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے بتایا کہ ڈلواش کے سرپنچ و بی ڈی سی چیئر مین کھاگ بھوپندر سنگھ ولد دھیرج سنگھ کو انکے گھر میں مشتبہ جنگجوئوں نے رات 8بجکر 10منٹ پر گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔پولیس نے بتایا کہ بھوپندر سنگھ آجکل آلوچی باغ سرینگر میں قیام پذیر تھا اور بدھ کو ہی تحصیل کھاگ کا دورہ کرنے کیلئے آیا تھا۔دن بھر اپنی سرگرمیوں سے فارغ ہو کر اس نے اپنی حفاظت پر مامور 2  پولیس محافظین کو کھاگ پولیس سٹیشن میں چھوڑا اور کسی کو اطلاع دیئے بغیر اپنے گھر چلا گیا ۔ اس دوران مشتبہ جنگجو اسکے گھر میں داخل ہوئے اور اسے گولیاں ما دیں جس کے نتیجے میں اسپتال پہنچانے سے قبل ہی وہ دم توڑ بیٹھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ پنچایتی انتخابات میں بھوپندر سنگھ نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑا اور اسکی حمایت پی ڈی پی نے کی تھی۔اسکے قریبی رشتہ دار پرمجیت سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بھوپندر سنگھ پی ڈی پی کا سرپنچ تھا اور بعد مین اسی کی حمایت سے بی ڈی سی چیئر مین بھی بنا۔انہوں نے کہا کہ بدھ کو آری پانتھن میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں ایک میٹنگ ہوئی تھی جس میں شرکت کرنے کی غرض سے بھوپندر سنگھ سرینگر سے یہاں پہنچا اور شام کے پونے 8بجے جونہی آبائی گھر پہنچا تو جنگجوئوں نے ہلاک کردیا۔ کھاگ پولیس نے بی ڈی سی چیئر مین کی ہلاکت کے سلسلے میں کیس درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہے۔ واقعہ کے بعد پولیس و سیکورٹی فورسز یہاں پہنچ گئے اور انہوں نے واقعہ کے حوالے سے مقامی لوگوں اور اہل خانہ سے جانکاری حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔ادھر پلوامہ راجپورہ روڑ پر ڈسٹرکٹ فائر اینڈ ایمرجنسی ہیڈ آفس کے نزدیک بدھ کی دوپہر قریب11بجکر 50منٹ پر جنگجوئوں نے182بٹالین سی آر پی ایف کی ناکہ پارٹی پر گرینیڈ پھینکا۔ گرینیڈ نشانہ چوک کر فورسز اہلکاروں سے دور گر کر زور دار دھماکہ سے پھٹ گیا۔ اس موقعہ پر فورسز اہلکاروں نے ہوا میں کچھ فائر کئے۔جس جگہ پر گرینیڈ حملہ کیا گیا وہاں سومو سروس اڈہ بھی ہے اور یہاں لوگوں کی اچھی خاصی بھیڑ رہتی ہے۔واقعہ کے فوراً بعد پولیس اور فورسز کی بھاری جمعیت یہاں پہنچ گئی اور انہوں نے ژاٹہ پورہ، انڈسٹریل اسٹیٹ کالونی، اور پرانے جنرل بس سٹینڈ کے ارد گرد تلاشیاں لیں۔پولیس نے بتایا اس واقعے میں کوئی نقصان نہیں ہو اور نہ کسی کی گرفتاری عمل میںلائی گئی ۔
 

تازہ ترین