تازہ ترین

جموں کشمیر کے بیمار تجارتی سیکٹر کیلئے1350کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان؛ یہ تو محض آغاز ہے:ایل جی سنہا

تاریخ    19 ستمبر 2020 (41 : 12 PM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو جموں کشمیر کے بیمار اقتصادی سیکٹر میں نئی روح پھونکنے کیلئے 1350کروڑ روپے کے خصوصی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا”یہ تو آغاز ہے مزید بہت کچھ آنا باقی ہے“۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ٹرانسپورٹروں، آٹو ڈرائیوروں، ہاوس بوٹ مالکان اور شکارا والوں کیلئے ایک پیکیج کے بارے میں بھی سوچ رہی ہے۔
راج بھون سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ایل جی سنہا نے کہا ”میں نے جب چارج سنبھالا تو میں نے کہا تھا کہ لوگوں کے مسائل عوام کے تعاون کے بغیر حل نہیں ہونگے“۔
”میں نے اگست18کو35وفود سے ملاقات کی جس کے بعد کے کے شرما کی سربراہی میں کمیٹی عمل میں لائی گئی، میں خوش ہوں کہ کمیٹی نے اپنی رپورٹ وقت مقررہ پر پیش کی ہے ، میں اس لئے بھی خوش ہوں کیونکہ ایسا پہلی بار ہوا ہے جب کسی سرکاری کمیٹی نے کم سے کم وقت پر اپنی رپورٹ مکمل کرکے پیش کی ہے۔“
ایل جی کے مطابق کمیٹی نے1350کروڑ روپے اقتصادی پیکیج کی سفارش کی ہے تاکہ بیمار تجارتی سیکٹر میں نئی جان ڈالی جاسکے۔”مجھے آج اس پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے۔یہ تو محض آغاز ہے، آگے اور بھی بہت کچھ آنے والا ہے“۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ پیکیج اُس پیکیج کا حصہ ہے جس کا اعلان’ آتمہ نربھر ابھیان‘ کے تحت جموں کشمیر کیلئے کیا گیاہے اور جس میں6000کروڑ پاور سیکٹر کیلئے مقرر ہےں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ٹرانسپورٹروں، آٹو ڈرائیوروں، ہاوس بوٹ مالکان اور شکارا والوں کیلئے ایک الگ پیکیج کے بارے میں بھی سوچ رہی ہے کیونکہ یہ سبھی لوگ گذشتہ 20سال کے دوران کافی متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے مارچ 2021تک سٹیمپ ڈیوٹی سے چھوٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یکم اکتوبر کو جموں کشمیر کی ہر برانچ پر نوجوانوں بشمول تاجروں کیلئے ایک خصوصی ڈیسک کے قیام کا اعلان کیا جائے گا۔ایل جی سنہا کے مطابق مرکزی سرکار ایک نئی اقتصادی پالیسی پر کام کررہی ہے جو عنقریب تیار ہوگی ۔
 

تازہ ترین