تازہ ترین

ہانجی ویرہ پٹن میں محکمہ اریگیشن کا پمپ 4 سال سے بـیـکار

تاریخ    12 اگست 2020 (00 : 02 AM)   


فیاض بخاری
بارہمولہ //شمالی قصبہ پٹن کے ہانجی ویرہ علاقے میںزرعی اراضی کی سینچائی نہ ہونے کی وجہ سے ہزاروں کنال پر پھیلی دھان کی فصل تباہ ہوگئی ہے۔اریگیشن محکمہ کی جانب سے ایک پمپ نصب تو ہے لیکن وہ چار سال سے بیکار پڑا ہے ۔ کسانوں نے محکمہ اریگیشن پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ  2017 میں محکمہ نے علاقے میں ساٹھ لاکھ روپے کی لاگت سے ایک پمپ نصب کیا لیکن وہ بیکار پڑا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ 2017 میں ایک مرتبہ اس پمپ سے زرعی اراضی کو سیراب کرنے کی شروعات کی گئی تھی لیکن چند روز بعد وہ خراب ہوگیا اور تب سے لیکر آج تک اُسے ٹھیک نہیں کیا گیا ۔جاوید احمد نامی ایک کسان نے بتایا کہ اس پمپ پر محض چار سے پانچ لاکھ روپے صرف کئے گئے ہیں باقی رقم کہاں گئی؟کسانوںکی سال بھر کی کمائی ضائع ہونے کے قریب ہے۔ کسانوں کے مطابق اگر فوری طور پراس زمین کو سیراب کرنے کیلئے پانی کی فراہمی کو یقینی نہیں بنایا گیا تو ایک درجن کے قریب علاقوںمیں دھان کی فصل مکمل طور پر تباہ ہو جائے گی ۔ کسانوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے اس سلسلے میں فوری طور پر مداخلت کی اپیل کی ہے ۔ ایس ڈی ایم پٹن فہیم بلخی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دراصل محکمہ اریگیشن کے نصب شدہ پمپ میں کوئی تکنیکی خرابی ہے تاہم متعلقہ محکمہ کے افسران کو بہت جلد پانی کا انتظام کرنے کیلئے کہا گیا ہے ۔