تازہ ترین

آج اور کل گرمی میں راحت کا امکان | ہلکی بارشیں ہونگی اور ہوائیں بھی چلیں گی

تاریخ    9 اگست 2020 (00 : 02 AM)   


اشفاق سعید
سرینگر//جھلسا دینے والی گرمی میں آج سے راحت ملنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق 9اور10اگست کو ٹنل کے آر پار متعدد مقامات پر ہلکی اور درمیانہ درجے کی بارشیں ہو نگی جبکہ اس دوران 30 سے40کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چلیں گی ۔ وادی میں گرمی کی شدت برقرار ہے اور سنیچر کو بھی سرینگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرات 34.6 ڈگری سلسلش ریکارڈ کیا گیا ، جبکہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب سنیچر کو 104 فیصدتک جا پہنچا تھا ۔کپوارہ ضلع میں جھلسا دینے والی گرمی نے لوگوں کا حال بے حال کر دیا ہے وہاں پر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.8ڈگری تک جا پہنچا اور وہاں پر ہوا میں نمی کا تناسب 138 فیصد تھا ۔واضح رہے  کہ جمعہ کو سرینگر میں سرگرمی نے 10سالہ ریکارڈ توڑ دیا تھا جب درجہ حرارت35.4ریکارڈ کیا گیا اور کپوارہ میں درجہ حرارت 36.3رہا۔سنیچر کو گرمی کی شدت میں تھوڑی کمی واقع ہوئی۔قاضی گنڈ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.1ڈگری ، پہلگام میں 29.0 ، کوکرناگ میں 31.8ڈگری ، گلمرگ میں 25.2ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ہے۔وادی میں جاری سخت ترین گرمی کے بیچ محکمہ موسمیات نے جھلسادینے والی گرمی سے راحت ملنے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔محکمہ کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ 9اور10اگست کو ٹنل کے آر پار کچھ ایک مقامات پر ہلکے سے درمیانہ درجہ کی بارشیں ہو نگی ۔اس دوران 30سے40کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چلیں گی ۔