تازہ ترین

آرہامہ گاندربل میں کھیتوں کو پانی دینے پرتنازعہ،3شدیدزخمی

تاریخ    9 اگست 2020 (00 : 02 AM)   


ارشاداحمد
گاندربل//گاندربل کے مضافات میں کھیت میں پانی دینے کی وجہ سے دو ہمسایوں میں زوردار لڑائی ہوئی جس دوران مبینہ طور پر کلہاڑیوں اور ڈنڈوں کے استعمال کی وجہ سے باپ اور اس کے دو لڑکے شدید زخمی ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق گال کولہ آرہامہ میں مقامی شہری عبدالرشید پٹھان ولد رحمت گل ساکنہ گال کولہ ارہامہ اپنے سوکھے مکئی کے کھیت میں پانی دے رہا تھا جس دوران کچھ پانی مشتاق احمد چوہان کے کھیت میں گیا، جس کی وجہ سے مشتاق احمد چوہان آگ بگولہ ہوا اور اپنے رشتہ داروں کے ہمراہ عبدالرشید پٹھان اور اس کے دو بیٹوں منظور احمد اور بلال احمد کے ساتھ جھگڑ ا شروع کیا، جس دوران نوبت ہاتھاپائی پر آگئی۔اس دوران مبینہ طور کلہاڑی اور ڈنڈوں کا استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں عبدالرشید پٹھان اور اس کے دونوں بیٹے منظور احمد اور بلال احمد شدید زخمی ہوگئے جس کے باعث چیخ پکار چاروں طرف مچ گئی۔ اس موقع پر نزدیک  قائم  5آر آر کیمپ سے کچھ اہلکار آئے اور زخمیوں کو نزدیکی طبی مرکز لے جایا گیا جہاں سے تینوں باپ بیٹوں کو میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کر دیا گیا، جہاں عبدالرشید پٹھان ڈاکٹروں کے مطابق کوما میں چلا گیا ۔پولیس اسٹیشن گاندربل نے معاملے کی نسبت کیس زیر نمبر 163/2020 درج کرکے جھگڑے میں ملوث فرار مجرموں کی تلاش شروع کردی ہے۔