تازہ ترین

کورونا کا قہر،دنیا میں ہلاکتیں 7 لاکھ سے متجاوز

تاریخ    6 اگست 2020 (00 : 03 AM)   


لندن //کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتیں سات لاکھ سے اوپر چلی گئیں۔ جس کے بعد کچھ ممالک میں پابندیاں سخت کرنے کا سوچا چانے لگا ہے۔امریکا میں ایک روز میں چھیالیس ہزار کیس اور 532 اموات ہوئیں۔لاطینی امریکی ملک برازیل جو عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ -19) سے شدید طور سے نبرد آزما ہے ، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا متاثرین کے 51603 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 28 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے ۔ اب یہ تعداد 2801921 ہے ۔ برازیل کی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1154 افراد کی ہلاکت سے اموات کی مجموعی تعداد 95819 ہوگئی ہے ۔ادھر مصر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ 19) سے 24 افراد کے ہلاک ہونے سے ہلاک شدگان کی تعداد 4912 ہوگئی ہے ۔ مصر کی وزارت صحت کے ترجمان خالد مجاہد نے بتایا کہ اس دوران کورونا وائرس کے 112 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 94752 ہوگئی ہے ۔دریں اثنا کورونا سے متاثر 1503 مریضوں کو مکمل صحت یاب ہونے کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا۔ مصر میں حکومت نے آہستہ آہستہ پابندیوں کو مرحلہ وار طریقے سے ختم کردیا ہے اورمتعدد معاشی سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دی ہے ۔ مصر میں 19 جون کو کورونا انفیکشن کے ریکارڈ 1774 نئے کیسز سامنے آئے تھے ۔