تازہ ترین

شوپیان میں فوجی اہلکار مبینہ طور اغوا

گاڑی کولگام میں نذر آتش

تاریخ    4 اگست 2020 (00 : 03 AM)   
(File Photo )

شوپیان /شاہد ٹاک/جنوبی ضلع شوپیان میں اتوار کی شب مبینہ طور پرجنگجوئوں نے ایک فوجی اہلکار کو اغوا کرکے اُسکی ذاتی گاڑی کو کولگام میں نذر آتش کردیا گیا ۔پولیس وفورسز اہلکاروں کی مشترکہ ٹیموں نے لاپتہ فوجی اہلکار کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے جنوبی کشمیر کے کئی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائیاں شروع کی ہیں ۔ بلہ پورہ شوپیان میں تعینات ریشی پورہ حرمین شوپیان کے رہنے والے ٹریٹوریل آرمی اہلکار شاکر منظور ولد منظور احمد اتوار کی شب سے لاپتہ ہے۔ اسکے چچیرے بھائی طارق احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاکر منظور عید پر گھر آیا تھا اور اتوار کی شام وہ واپس ڈیوٹی پر روانہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم ہوا کہ اسکی بریزا گاڑی زیر نمبرJK22B/3960 ،جو مظفر منظور ساکن شوپیان کے نام پر رجسٹر ہے، کو کولگام ضلع کے نیہامہ علاقے میں گذشتہ رات دیر گئے نذر آتش کیا گیا۔ پولیس نے خاکستر گاڑی کو اپنی تحویل میں لیکر مزید تفتیش شروع کردی ہے۔طارق احمد نے بتایا کہ اسکے چچیرے بھائی کو مبینہ طور پراغوا کرلیا گیا ہے۔فورسز کی مشترکہ ٹیموں نے فوجی اہلکار کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے تلاشی کارروائیاں شروع کی ہیں ۔ تاحال لاپتہ یا مبینہ طور اغوا کئے گئے اہلکار کا کہیں کوئی اتہ پتہ نہیں چل سکا ہے۔
 

تازہ ترین