تازہ ترین

عیدالاضحی پر چیف سیکریٹری ،مشیروں ، صوبائی کمشنر اور پولیس سربراہ کی مبارکباد

تاریخ    1 اگست 2020 (00 : 03 AM)   


 جموں//چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم،لیفٹیننٹ گورنر کے مشیروں بصیر احمد خان ، فارو ق خان،راجیو رائے بھٹناگر ،کے کے شرما ، صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے اور پولیس سربراہ دلباغ سنگھ، آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے عید الاضحی کے مقدس موقعہ پر جموںو کشمیر کے عوام کو مبارک باد پیش کی ہے۔بی وی آر سبھرامنیم نے عید الاضحی کے مبارک موقعہ پر لوگوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اُن کی خیر و عافیت او رخوشحالی کی تمنّا کی۔ اپنے مبارک بادی پیغام میں چیف سیکریٹری نے کہا کہ کہ عید الاضحی کا مقدس تہوار قوتِ ایمان اور نیکی کی راہ میں قربانیاں دینے کی علامت ہے اور سخاوت او رنیک اعمال کی راہ اِختیار کرنے کا درس دیتا ہے۔ کووِڈ۔19وَبائی صورتحال کے مد نظر رکھتے ہوئے چیف سیکریٹری نے لوگوں کو عید کی خوشیاں منانے کے دوران کووِڈ ۔19احتیاطی تدابیر پر عمل پیر ا رہ کر سماج د وری بنائے رکھ کر کووِڈ ۔19کو مزید پھیلنے سے روکنے کا مشور ہ دیا۔ ادھر اپنے الگ الگ تہنیتی پیغامات میں مشیروں نے تمنّا ظاہر کی کہ یہ مقدس موقعہ جموںوکشمیر کے عوام میں اخوت او ریکجہتی کے جذبوں کو مزید مستحکم بنائے گی۔اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ تہوار مذہبی ہم آہنگی ، بھائی چارے اور امن و آشتی کے رشتوں کو مزید مستحکم بنائے اور جموںوکشمیر میں صدیوں کی مخلوط ثقافت کی آبیاری کریں۔مشیروں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ عید کا تہوار منانے کے دوران کووِڈ۔ 19عالمی وَبا کے پیش نظر جاری کئے گئے رہنما خطوط پر عمل پیرا رہیں او رسماجی دوری کو برقرار رکھیں۔مشیروں نے اس موقعہ پر جموں وکشمیر کے عوام کے لئے ترقی ، امن اور خوشحالی کی دعا کی۔دریں اثنا صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے نے عیدالاضحی پر لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ یہ دن یوٹی میں امن اور خوشحالی لیکر آئے۔انہوںنے کہاکہ موجودہ کورونا صورتحال کے پیش نظر معیاری عملیاتی طریقہ کار پر عملدرآمد کیا جائے۔دلباغ سنگھ نے جموںوکشمیر کے لوگوں، فورسز اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ اور مارے گئے اہلکاروں کے لواحقین کو عید پر مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوںنے امید ظاہر کی کہ عید لوگوں ، پولیس، ان کے کنبوں اور مہلوک اہلکاروںکے اہل و عیال کیلئے یہ خوشی لیکر آئے۔ ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد اور اے ڈی سی بانڈی پورہ ظہور احمد میر نے عیدالاضی پر مبارک باد پیش کی ہے۔ 
 

مین سٹریم قیادت اور سول سوسائٹی 

 رہنما خطوط اور احتیاطی تدابیر عملانے پر زور

 ڈاکٹر فاروق، ، عمر عبداللہ ،الطاف بخاری ، حکیم یاسین، جی اے میر،لائیگرو کی طرف سے عید کی مبارکباد 
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداﷲ ،اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری ،  پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ چیئرمین حکیم محمد یاسین، پردیش کانگریس صدر غلام احمد میر، پی ڈی پی ترجمان و میڈیا ایڈوائزر سید سہیل بخاری، نے عید الاضحی کی مقدس تقریب پر فرزندان عالم اسلام خصوصاً ریاستی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا ہے کہ یہ دن قربانی اور ایثار کی علامت کی بہت بڑی نشانی ہے اور اِس کا دوسرا کوئی ثانی نہیں ہے۔ عید قربان عالم اسلام کیلئے اس سنت کی یادلاتی ہے، جو اﷲ کے برگزیدہ پیغمبر حضرت ابراہیم ؑ نے ہمارے لئے چھوڑدی ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات کے پیش نظر ہمیں یہ عید انتہائی سادگی کے ساتھ منانی چاہئے اور اُن تمام رہنما خطوط کیساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر پر بھی عمل کرنا چاہئے جو حکام اور طبی شعبہ سے وابستہ ماہرین کی طرف سے جاری کئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ ہمیں ہر حال میں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہم اپنے دینی فرائض انجام دیں اور کورونا وائرس کے پھیلائو کا ذریعہ نہ بنیں۔ انہوں نے جموں وکشمیر سے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید کے دوران اپنے اُن پڑوسیوں، رشتہ داروں اور دوست و احباب کا خاص خیال رکھیں جن کا روزگار مسلسل گذشتہ ایک سال کے مسلسل لاک ڈائون سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ، جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر ، معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال، اراکین پارلیمان محمد اکبر لون اور حسنین مسعودی نے بھی عید قربان پر مبارکباد پیش کی ہے۔ ادھر محمد الطاف بخاری نے کہاکہ ’’عید ہمیں پیار ومحبت، اتحاد بھائی چارہ اور ایک دوسرے کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کا پیغام دیتی ہے اور غریبوں اور مساکین کی مدد کرنااُن کی زندگی میں خوشی کا باعث ہوگا۔ مہلک عالمی وباء کورونا وائرس کے پیش نظر انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خوشی کے اِس موقع پر حد درجہ احتیاط برتیں، سماجی دور ی بنائے رکھیں اور کویڈ19صحت پروٹوکول پر عمل کیاجائے تاکہ اِس وبائی مرض کے پھیلاؤ کو روکاجاسکے۔ انہوں نے مزید کہاکہ یہ مقدس موقع ہمیں اللہ تبارک وتعالیٰ کی راہ ِ پر خرچ کرنے اور انسانیت کی بے لوث خدمت کے اعلی اصولوں کو برقرار رکھنے کا درس دیتا ہے ۔ پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ چیئرمین حکیم محمد یاسین نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ عیدالاضحیٰ کی تقریبات مناتے وقت اپنے آس پاس میں غریبوں اور محتاجوں کو بھی یاد رکھیں تاکہ خدا کا کوئی بندہ بھوکا پیٹ نہ سوئے۔ انہوںنے کہاکہ یہ مقدس تہوار عالم دنیا خاصکر شورش زدہ کشمیر میں امن و خوشحالی کی نوید بن کر آئے۔ سول سوسائٹی فورم چیئرمین عبدالقیوم وانی نے بھی عید پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام کشمیری نظربندوں کو رہا کیا جائے۔ غلام احمد میر نے عید پر لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے جموں کشمیر کی خوشحالی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ عید الضحیٰ قربانی کی علامت ہے،اور یہ عالم انسانیت کو فلاح اور امن کے راستے پر آخری وقت تک رہنمائی کریں گی۔میر نے لوگوں سے عید پر قربانی کے جانوروں کی قربانی کے دوران کوڈ سے متعلق معیاری عملیاتی طریقہ کار عملانے پر زور دیتے ہوئے احتیاطی تدابیر اٹھانے کا مشورہ دیا۔.پی ڈی پی کے میڈیا مشیر سہیل بخاری نے عوام کو عید پر مبارکباد  پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ عید کرونا وائرس کے سیاہ سائے کو ختم کرکے لاگوں کے چہروں پر حقیقی مسکراہٹ کی موجب بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ عید الضحٰی قربانی کا درس پیش کرتی ہے اور لوگوں کو چاہے کہ وہ معاشرے میں کمزور لوگوں کی مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو عید خوشحالی،امن و آشتی کی نوید لیکر اائے،کیونکہ لوگ  گزشتہ اگست سے کافی تنائو میں مبتلا ہے۔سہیل بخاری نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ جموں کشمیر کو غیر یقینی ماحول سے باہر نکلنے  اور قیام امن کے حق میں دعا کریں۔اس دوران پیپلز کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر عبدالغنی وکیل نے نے عوام کی عید کی مبارکباد پیش کی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ عید جموں کشمیر میں خوشحالی،ترقی اور امن کی نوید لیکر آئے گی اور خطے کے لوگوں کے درمیان آپسی بھائی چارہ مزید مظبوط  ہوجائے گا۔وکیل نے عید پر کمزور طبقوں اور کرونا وائرس کے نتیجے میں متاثر ہوئے لوگوں کی بھر پور مدد کرنے کی بھی اپیل کی۔پی ڈی پی کے یوتھ سیکریٹری عارف لائیگروں نے عید پر معاشی طور پر پسماندہ لوگوں کی مدد کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شامل کیا جائے۔انہوں نے لوگوں کو صلاح دی کہ وہ عید پر کھانے پینے کی اشیاء کو جائع نہ کریں،اور اپنے ہمسایوں،یتیموں اور بیوائوں کی مدد کریں۔انہوں نے لوگوں کو عید پر کروعنا وائرس کے حوالے سے جاری رہنما خطوط کو عملانے پر بھی زور دیا۔
 

میرواعظ، مولانا ہمدانی اور مولانا قانونگو کی تہنیت 

سرینگر//انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق ،جمعیت ہمدانیہ سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی اور انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے نے عید الاضحی کی آمد پر ملت اسلامیہ خاص طور پر مسلمانان جموںوکشمیر کو دلی تہنیت اور مبارکباد پیش کی ہے۔ میرواعظ عمر فاروق نے کہاکہ اگرچہ عید الفطر کی طرح عیدالاضحی کی نماز کے حوالے سے بھیCOVID-19 کی قہر انگیز وبا اور شدید لاک ڈاون کی وجہ سے بڑے اور مرکزی مذہبی اجتماعات ممکن نہیں ہے تاہم مسلمانوں سے کہا گیا کہ جو حضرات سنت ابراہیمی کی پیروی میں اللہ تبارکو تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کیلئے اس کے حضور جانوروں کی قربانی پیش کرنے والے ہیں وہ تمام تر احتیاطی تدابیر ،معیاری عملیاتی طریقہ کار(SOPs) کا خیال رکھتے ہوئے اور صفائی و ستھرائی کا خصوصی اہتمام کرتے ہوئے اس مقدس فریضے کو انجام دیںتاکہ موجودہ متعدی وبا سے بچا جاسکے۔ادھر  مولانا ریاض احمد ہمدانی نے مسلمانوں کو عید سادگی سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے  بارگاہ الٰہی میں انکساری اور عاجزی کے ساتھ دعا کی کہ اللہ تعالیٰ یہ عید مسلمانوں کی سربلندی ، اسلام کی سربلندی ، انسانیت کی بقا اور مظلوم ومحکوم مسلمان خصوصاً مصیبت زدگان خصوصاً جموں وکشمیر کے عوام کیلئے راحت کا باعث ہو۔ جمعیت کے صدر عبدالرشید گانی اور جنرل سکریٹری پیرزادہ محمد اشرف عنایتی و جملہ اراکین اور مولانا شوکت حسین کینگ نے بھی مبارکباد پیش کی ہے۔اس دوران مولانا خورشید احمد قانونگونے عیدالاضحی کے موقعہ پر اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ یہ مبارک دن اہل اسلام کو اپنے خواہشات قران کرکے خلوص پر مبنی خدمت خلق، ایثار رضائے الہیٰ کیلئے ہمہ وقت اپنے آپ کو مستعد رکھنے کاپیغام ہے اور یہی قربانی معاشی سماجی و اخلاقی توازن کی بگڑی حالت کو صحیح نقطہ نظر پر کھڑی کرتی ہے ۔ دریں اثناء خبر رساں ادارے سی این آئی کے مدیر اعلیٰ بلال بزازاور جملہ ٹیم،نگوا سکمز کے صدر اور جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ  چیئرمین اشتیاق احمد بیگ، ڈائریکٹر رورل ڈیولپمنٹ کشمیر قاضی سرور، ورکرس پارٹی چیئرمین میر جنید، جمو ں کشمیر ٹیچرس ایسو سی ایشن زون ہا ری گنہ و ن کنگن نے بھی عیدالاضحی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ 
 

تازہ ترین