عرس شاہ ہمدان ؒ | ڈاکٹر فاروق اورمولانا ہمدانی کی مبارکباد

تاریخ    28 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور مولانا ریاض ہمدانی نے بانی اسلام کشمیر میر سید علی ہمدانیؒ کے عرس مبارک پر ریاست کے لوگوں خصوصاً ریاست کے فرزندانِ توحید کو مبارک باد پیش کیا ہے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنے ایک پریس بیان میں کہا ہے کہ حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانیؒ (حضرت شاہ ہمدانؒ) کے پاک مشن، علمی اور روحانی کمالات ، انمول اور لافانی ملی کوششوں ، تبلیغ دین واشاعت اسلام کی بدولت ہی ریاست کا چپہ چپہ اسلام کے نور سے منور ہوا۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانیؒ کے طفیل ہی ریاست کے لوگ موجودہ شہرہ آفاق دستکاری اور صنعت و حرفت سے بھی روشناس ہوئے۔ اِس طرح اسلام کے عظیم نعمت کے ساتھ ساتھ یہاں کے ہرفرقہ کے لوگ روزی روٹی کمانے کے اہل بن گئے۔ حضرت امیر کبیرؒ نے بغیر کسی زور وجبر تبلیغ اسلام اور اسلام کی تعلیم کو پھیلایا جو تاریخ اسلام کا ایک سنہری باب ہے۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانیؒ کے احسانات اہل کشمیر پر تاقیامت رہیںگے۔ جن کے پاک مشن اور تبلیغ دین کی بدولت ہم مشرف اسلام ہوئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ حضرت شاہ ہمدانؒ کی تعلیم پوری عالم انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر(ایڈوکیٹ) اور معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت امیر ہمدانؒ نے اسلام کی جو آبیاری کی وہ تاقیامت عالم اسلام کیلئے مشعل راہ ہے۔ اس دوران سپرست اعلیٰ خانقاہِ معلی مولانا ریاض احمد ہمدانی نے اپنے پیغام میں حضرت شاہ ہمدانؒ کی علمی ، روحانی اور تاریخ اسلامی خدمات کو مشعل راہ قرار دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ اِس اسلام کے عظیم داعی کی بدولت ہی کشمیر کا چپہ چپہ دین اسلام سے سروسبز و شاداب ہوا اور اللہ کے فضل کرم سے ہم مشرف اسلام ہوئے۔انہوںنے مسلمانانِ کشمیر سے اپیل کی ہے کہ وہ عالم انسانیت اور جموں وکشمیر کے عوام کو درپیش مصائب اور مشکلات سے نجات کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں۔
 

تازہ ترین