قربانی کے جانوروں اور اشیائے ضروریہ کی دستیابی

مشیرفاروق خان نے جائزہ لیا،افسران کو متحرک رہنے کی ہدایت

تاریخ    28 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق احمد خان نے عید الاضحی کی مناسبت سے قربانی کے جانوروں اور اشیائے ضروریہ کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو عید کی خریداری کے دوران رہنما خطوط کو یقینی بنانے کی تاکید کی۔ فاروق احمد خان نے پیر کو ایک میٹنگ کے دوران بازاروں میں عید الاضحی کے موقع پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں صوبائی کمشنر پی کے پولے کے علاوہ آئی جی کشمیر وجے کمار،شہری رسدات اور امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے ڈائریکٹر بشیر احمد خان اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔میٹنگ کے دوران فاروق احمد خان کو افسران نے عید انتظامات کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ مارکیٹ چیکنگ کیلئے مختلف ٹیموں کو تعینات کیا گیا تاکہ وہ قیمتوں ،گراں بازاری اور چور بازاری پر سختی سے نظر گزر رکھ سکیںاور ریت لسٹ کے تحت ہی خریداری کو یقینی بنائیں۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ سرینگر میں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کیلئے16مقامات کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے جبکہ انہیں دیگر اضلاع میں بھی اسی طرح کے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی گئی۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق احمد خان نے میٹنگ میں آئی جی پی کشمیر کو ہدایت دی کہ بازاروں میں اس عرصے کے دوران اشیائے ضروریہ اور قربانی کے جانوروں کی قیمتوں پر سخت نظر گزر رکھیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ وادی میں معقول مقدار میں چاول،آٹا،تیل خاکی اور گھریلوں استعمال میں لائے جانے والا گیس کا ذخیرہ موجود ہے۔ ڈائریکٹر شہری رسدات نے مشیر کو جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ صارفین کو جولائی کا راشن پہلے ہی فراہم کیا گیا ہے جبکہ اگست کا راشن بھی بہت جلد فراہم کیا جائے گا۔
 

 

تازہ ترین