لیفٹنٹ گورنر کا سکاسٹ جموں کا تفصیلی دورہ

طالبات کے ہوسٹل، رہائشی بلاک اور ہیلتھ سینٹرمیں بیڈسائڈ آکسیجن سہولیات کا افتتاح کیا

تاریخ    28 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


 باہو میں روپ وے پروجیکٹ بھی شروع 
جموں//جموں خطے میں سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کیلئے لیفٹیننٹ گورنرگریش چندر مرمو نے باہو اور مہمایا مندروں کے مابین کیبل کار پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقعہ پر مشیربصیر احمد خان ،ممبران پارلیمنٹ شمشیر سنگھ منہاس اور جگل کشور شرما کے علاوہ چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم بھی موجودتھے۔افتتاحی تقریب کے بعد لیفٹیننٹ گورنر اور خاتون اول نے کیبل کار کی پہلی سواری کی۔ انہوں نے اس منصوبے کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ یہ خدمات جموں شہر کیلئے خاصی اہمیت کی حامل ثابت ہوں گی۔ انہوں نے اس کیبل کار آپریشن کو پہلے 15 دن تک عوام کو مفت فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔کیبل کار کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر ماجد کے اے درابو نے لیفٹیننٹ گورنر کو منصوبے کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ افتتاحی حصہ5 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ33.65 کروڑ روپے کی لاگت سے سہولیات جیسے ریستوراں ، واک ویز ، لان ، ، مہمایا میں پارک ، باہو میں پارکنگ کی سہولت تیار کی گئی ہے۔دریں اثنا انہوں نے شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنس و ٹیکنالوجی کے مین کیمپس چٹھہ کادورہ کیا۔ان کے ہمراہ خاتون اول ڈاکٹر سمیتا مرمو بھی تھیں۔اس دوران انہوں نے اجالاپی جی گرلز ہوسٹل کی عمارت ، تدریسی عملے کے لئے رہائشی کوارٹرز اورکوروناوائرس کے پیش نظر یونیورسٹی ہیلتھ سینٹر میں بیڈ سائیڈ آکسیجن سہولیات پر مشتمل بنیادی ڈھانچہ کمپلیکس کا افتتاح کیا۔اپنے خطاب میں لیفٹیننٹ گورنر نے چٹھہ کیمپس میں بنیادی ڈھانچے کی نئی سہولیات معرض وجود لانے کیلئے یونیورسٹی کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں انٹرنیٹ سہولیات کو مستحکم بنانے کیلئے ورچوئل لرننگ کو اپنانے پر زور دیا۔ لیفٹیننٹ گورنر کے دورے کے دوران ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔اس سے قبل وائس چانسلر پروفیسر جے پی شرما نے لیفٹیننٹ گورنر کو یونیورسٹی میں تحقیقاتی سرگرمیوں اور توسیعی کارناموں سے آگاہ کیا۔اس دوران لیفٹیننٹ گورنرنے جموں و کشمیر ایگرو انڈسٹریز ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور ہارٹیکلچر پلاننگ و مارکیٹنگ محکمہ کے چار منصوبوں کاای افتتاح کیا۔نیشنل ایگریکلچر مارکیٹ (e-NAM) فروٹ و سبزی منڈی نروال جموں، فروٹ و سبزیوں والی منڈی بشناہ اور اپنی منڈی چاڈوال کٹھوعہ افتتاح کیاگیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے 10 کنال اراضی پر 23 کروڑ روپے کی لاگت سے زراعت کمپلیکس تالاب تلو جموں میں 5000 میگاواٹ صلاحیت والے آب و ہواکے کنٹرول اسٹوریج پلانٹ کا ای سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اس منصوبے میں 21 کولڈ روم اور چار رائیپنگ کمرے ہوں گے۔اس کے علاوہ لیفٹیننٹ گورنرنے مرکزی معاونت والی سکیموں ڈی ڈی جی جی وائی ، آئی پی ڈی ایس ، پی ایم ڈی پی اور پی ایم ڈی پی رورل جیسی متعدد اسکیموں کے تحت بجلی کے ترقیاتی منصوبوں کوعوام کے نام وقف کیا۔انہوں نے پتنی ٹاپ سیاحتی مقام پر انڈر گرائونڈ کیبلنگ پروجیکٹ کوبھی عوام کیلئے وقف کیا۔مجموعی طور پر 49 مکمل شدہ منصوبوں کا افتتاح کیاگیاجن کی تعمیر پر 81.15 کروڑروپے کی لاگت آئی ہے۔ان بجلی پروجیکٹوں سے 250 میگاواٹ بجلی کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔

تازہ ترین