سست رفتار انٹرنیٹ| داخلہ سیکریٹری کی عدالت عالیہ میں طلبی

تاریخ    15 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//انٹرنیٹ رفتار پر قدغنوں کی وجہ سے آن لائن سماعت کے دوران مشکلات کے بیچ جموں کشمیرہائی کورٹ کی چیف جسٹس ،جسٹس گیتامتل نے داخلہ سیکریٹری شالین کابرا کوویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے عدالت کے بنچ کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی ہے تاکہ ای رابطوں پرپابندیوں کی وجہ سے عدالتوں کے کام پراثرسے اُسے باخبر کرے۔ سوموارکواپنے ایک حکم میں  چیف جسٹس ،جسٹس گیتامتل اور جسٹس سنجے دھرپر مشتمل ڈویژن بنچ نے مرکزی زیرانتظام علاقوں جموں وکشمیراورلداخ کے لوگوں کے حقوق سے متعلق معاملوں پر تشویش کااظہار کیا۔ تین صفحوں پر اپنے ایک حکم میں عدالت نے کہا کہ کوروناوائرس کیسوں میں اضافہ کے بعد سخت لاک ڈائون کی وجہ سے ورچیول سماعت لازمی بن گئی ہے ۔  حکم میں کہاگیا ہے کہ ہمارے آئی ٹی ماہرین کی بہترین کوششوں کے باوجود بھی سماعت ممکن نہ ہوسکی۔ہمیں ایمیکس کیوری(مونیکا کوہلی) اور متعدد وکلاء کے ساتھ ورچیول یاآڈیو رابطہ کرنے میں کافی جدوجہدکرنا پڑی۔
حتی کہ ایڈوکیٹ جنرل نے بھی سماعت میں شرکت کرنے میں درپیش مشکلات کااظہار کیا۔ڈویژن بنچ نے کہا کہ انصاف تک رسائی بنیادی حق ہے اور’’اسے روکانہیں جاسکتا ہے‘‘۔ معاملے کی سماعت16جولائی کو کرنے کاحکم دیتے ہوئے عدالت نے کہاکہ ہمیں درپیش مشکلات کودیکھتے ہوئے ،داخلہ سیکریٹری شالین کابرا کوویڈیو کانفرنس کے ذریعے عدالت میں پیش ہونا چاہیے اوراس عدالت کو ای ربطوں پر پابندی سے عدالتوں پر اثرات سے آگاہ کریں۔ عدالت نے سپریم کورٹ کے مئی میں جاری کئے گئے ایک حکم کابھی حوالہ دیا جس میں حکام کی طرف سے ای رابطوں پر پابندیوں کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ سپریم کورٹ نے11مئی کو ایک اعلیٰ پایہ کمیٹی تشکیل دی تھی جس کی سربراہی مرکزی داخلہ سیکریٹری کررہے تھے،جس میں جموں کشمیرکے صحافیوں،ڈاکٹروں اور وکلاء نے راحت طلب کی تھی ،تاکہ  مرکزی زیرانتظام جموں کشمیرمیں کورونا لاک ڈائون کے دوران سست رفتار انٹر نیٹ کی وجہ سے پیش آرہے مشکلات کامتبادل حل نکالاجائے۔  ہائی کورٹ نے کووِڈ- 19 لاک ڈائون کے دوران عوام کو درپیش مشکلات کاازخود نوٹس لیتے ہوئے ، کیس میںمونیکا کوہلی کو ایمیکس کیوری مقرر کیاتھا۔اس سے قبل اپریل میں عدالت نے جموں کشمیرمیں4جی اٹر نیٹ کی بحالی سے متعلق رپورٹ طلب کی تھی جب اُسے بتایا گیا تھا کہ سست رفتارانٹر نیٹ کی وجہ سے بچوں کی تعلیم متاثر ہورہی ہے جووباء کی وجہ سے اپنے گھروں میں بند ہیں ۔
 

تازہ ترین