تازہ ترین

کوروناکی شدت میں متواتر اضافہ | 5روزمیں1459متاثر،28فوت

تاریخ    12 جولائی 2020 (30 : 01 AM)   


پرویز احمد
 سرینگر // جموں و کشمیر میں پچھلے5دنوں کے دوران 1459افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں ۔ اس دوران وائرس سے 28افراد موت کی آغوش میں چلے گئے ۔جموں و کشمیر میں 5جولائی کو متاثرین کی تعداد  8429تھی جبکہ 132افراد کو وائرس نگل چکا تھا جن میں سے 14جموں جبکہ 118افراد کشمیر میں فوت ہوئے تھے۔ 6جولائی کو جموں و کشمیر میں متاثرین کی تعداد میں  مزید 246کیسوں کا اضافہ ہوا ، جبکہ 6افراد کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا اور مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 138ہوگئی۔ 7جولائی کو 256افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں اور متاثرین کی تعداد بڑھ کر8931تک پہنچ گئی جبکہ اس روز مزید 5افراد فوت ہوگئے اور وائرس سے جان گنوانے والوں کی تعداد 143تک پہنچ گئی۔ 8جولائی کو جموں و کشمیر میں مزید 330افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں اور متاثرین کی تعداد 9261جبکہ6افراد کی موت کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد 149تک پہنچ گئی۔ 9جولائی کو جموں و کشمیر میں کورونا وائرس مریضوں کی تعداد میں240کیسوں کا اضافہ ہوا اور متاثرین کی تعداد9501تک جاپہنچی جبکہ 9جولائی کو مزید5افراد موت کی آغوش میں چلے گئے۔ 10جولائی جمعہ کو جموں و کشمیر میں کورونا وائرس مریضوں کی تعداد میں 387اضافہ ہوا اور متاثرین کی تعداد 9888تک پہنچ گئی جبکہ مزید 5اموات کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد 160تک پہنچ گئی۔ اسطرح جموں و کشمیر میں6 جولائی سے لیکر 10جولائی تک متاثرین کی تعداد میں1459افراد کا اضافہ ہونے والے علاوہ 28افراد کو وائرس نگل گیا ہے۔