تازہ ترین

کورونا متاثرین میں ریکارڈ27114 کیسوں کا اضافہ ،ملک میں519تازہ ہلاکتیں

تاریخ    11 جولائی 2020 (16 : 12 PM)   


یو این آئی
نئی دہلی// ملک میں کوروناوائرس کے یومیہ کیسز بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 27114کیسزرپورٹ ہوئے ہیں جو ایک دن میں متاثرہ افراد کی سب سے زیادہ تعداد ہیں اور اسی عرصہ میں 519 افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے ہفتہ کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے27114 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 820916ہوگئی ہے۔ جمعہ کے روز ایک دن میں26506 نئے کیسز سامنے آئے تھے۔
کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں اضافہ کے درمیان راحت دینے والی بات یہ ہے کہ اس وبا سے شفایاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے اوراس عرصہ کے دوران19873مریض صحت مند ہوئے ہیں جس سے شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد515386ہوگئی ہے۔ ملک میں اس وقت کورونا وائرس کے283407فعال کیس ہیں۔ ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 519 سے بڑھ کر 22123ہوگئی ہے۔
 

تازہ ترین