تازہ ترین

چھلہ گنڈ کپوارہ میں دلخراش سانحہ

کنویں کی صفائی کے دوران گیس کے اخراج سے دو لقمہ اجل

تاریخ    10 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


اشرف چراغ
کپوارہ//چھلہ گنڈ ہلمت پورہ کپوارہ میں کنویں کی صفائی کے دوران گیس خارج ہونے کے بعد دوافراددم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق کپوارہ قصبہ سے چار کلومیٹر دورچھلہ گنڈ ہلمت پورہ میں پانچ بہنوں کااکلوتا بھائی تیس برس کاغلام نبی خان ولدمجنوں خان اور اس کا ہمسایہ غلام محی الدین خان اپنے گھر کے قریب ایک کنویں کی صفائی کررہے تھے جس دوران انہوں نے کنویں میں موٹراُتارااورکنویں کی صفائی میں مصروف ہوگئے۔مقامی لوگوں کے مطابق کافی دیرجب دونوں کنویں سے باہر نہیں آئے تواُن کے گھروالوں میں تشویش پیداہوئی اورانہوں نے دونوں کو آوازیں دیں،لیکن کنویں سے کسی نے جواب نہیں دیاجس کے بعدوہاں لوگ جمع ہوئے اور انہوں نے پولیس کو مطلع کیا۔پولیس نے وہاں پہنچتے ہی مقامی لوگوں کی مددسے دونوں کو بیہوشی کی حالت میں کنویں سے باہر نکالااور سب ضلع اسپتال کپوارہ پہنچایاجہاں ڈاکٹروں نے اُنہیں مردہ قراردیا۔ دونوں کی لاشیں جب چھلہ گنڈ پہنچائی گئیں تووہاں کہرام مچ گیا۔اُن کے نمازجنازہ میں لوگوں کی کثیرتعداد شریک ہوئی اور پرنم آنکھوں سے دونوں کو سپردخاک کیاگیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ چھلہ گنڈ میں پینے کا پانی کاکوئی انتظام نہیں ہے اور لوگ اس وجہ سے اپنے گھروں میں کنویں کھود کر اُن سے پانی حاصل کرتے ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق ان کنوئوں کا پانی ناصاف ہوتا ہے اس لئے لوگ ان کی صٖفائی کرتے ہیں ۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل گزشتہ ہفتے کرالہ پورہ کے مضافات  سنگڈون وارسن میں بھی کنویں کی صفائی کے دوران 4افراد گیس خارج ہونے کے نتیجے میں لقمہ اجل بن گئے اور اس طرح گزشتہ10روز میں کنوئو ں کی صفائی کے دوران گیس خاج ہونے کی وجہ سے سے 6افراد موت کی آغوش میں چلے گئے  ۔