بھاجپا کے سابق ضلع صدر بانڈی پورہ بھائی اور والد سمیت سپرخاک

واردات لشکر کے دوجنگجوئوں نے انجام دی:صوبائی پولیس سربراہ

تاریخ    10 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


عازم جان
بانڈی پورہ//بانڈی پورہ میں بدھ کی شام مارے گئے بھاجپا کے سابق ضلع صدر وسیم بھاری ، اُس کے والد بشیراحمد اوربھائی عمر کوجمعرات کو سپردخاک کیاگیا۔کشمیرکے صوبائی پولیس سربراہ وجے کمار نے مقتولین کے گھرآکر تعزیت پرسی کے بعد میڈیا کو بتاکہ اس واردات میں لشکر طیبہ ملوث ہے۔بانڈی پورہ کے بھاجپا کے سابق ضلع صدر وسیم باری، اس کے والد بشیراحمداور بھائی عمر سلطان جو بدھ کومارے گئے،کاجمعرات کوبلاک ڈیولپمنٹ آفس کے صحن میں نمازجنازہ اداکیاگیااوراس کے بعد تینوں میتوں کوزیارت شہاب الدین صاحب ؒکے متصل بوٹھوکے قبرستان میں سپردخاک کیا گیا۔ان تینوں باپ بیٹوں کے نمازجنازہ میں بھاجپا کے ریاستی صدررویندررینہ اوردیگررہنمائوں نے شرکت کی۔ادھر کشمیرکے صوبائی پولیس سربراہ وجے کمار نے بھی مقتولین کے گھر آکر تعزیت پرسی کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس واردات کولشکرطیبہ سے وابستہ دوجنگجوئوں نے منصوبہ بندی کے ساتھ انجام دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پہلے سے تیار کیاہواتھا۔وجے کمار نے کہا کہ ا ن ہلاکتوں میں لشکر سے وابستہ ایک مقامی جنگجو عابدحقانی اورایک غیرملکی ملوث ہیں ۔صوبائی پولیس سربراہ نے کہا کہ اس میں سیکورٹی کی کوئی کوتاہی نہیں ہوئی بلکہ وسیم باری جب سسرال سے واپس گھرپہنچاتوحفاظت پر ماموراہلکاروں کو مکان کے اوپروالے منزل میں بٹھاکرخود نیچے دکان میں باپ اور بھائی کے پاس پہنچا۔اس دوران تعاقب کررہے جنگجونے نزدیک سے پستول سے اندھادھندگولیاں چلائیں ۔چونکہ ایک اور جنگجواس کے پیچھے کور کررہاتھااورواردات انجام دینے کے بعددونوں پیدل بھاگ گئے۔انہوں نے کہا کہ سی سی کیمرہ فوٹیج سے معلوم ہواہے کہ وہ پیدل آئے اور کوئی گاڑی استعمال نہیں کی۔ 
 

مرتکبین کوانصاف کے کٹہرے میں کھڑاکیا جائیگا: ایل جی

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے بدھ کی شام جنگجوئوں کے ہاتھوں مارے گئے بی جے پی لیڈرشیخ وسیم باری ، ان کے والد بشیر احمد اور بھائی عمر بشیر کے قتل کی مذمت کی ہے۔ایک تعزیتی پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ہے کہ بے گناہ لوگوں کا قتل عام کرنا اِنسانیت کے منافی ہے اور اس بزدلانہ حرکت کے مرتکب اَفراد کو اِنصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔اُنہوں نے سوگوار کنبے کے ساتھ دلّی ہمدردی کا اِظہارکر کے مرحومین کی اَرواح کے ابدی سکون کے لئے دعا کی۔ادھر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے ملی ٹنٹوں کے ہاتھوںمارے گئے بھاجپا لیڈرشیخ وسیم باری ، ان کے والد بشیر احمد اور بھائی عمر بشیر کے قتل کی مذمت کی ہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں فاروق خان نے ان ہلاکتوں کو بزدلانہ اور انسانیت سوز قتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملی ٹنٹوںاور ان کو استعمال کرنے والوںکے خلاف ہماری سیکورٹی فورسز کے فعال کردار کے سبب مایوسی کی وجہ سے اس طرح کی حرکتیں کر رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ اِس بزدلانہ حرکت کے مرتکب اَفراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔اُُنہوں نے سوگوار کنبے کے ساتھ دلّی ہمدردی کا اِظہار کیا اور مرحومین کی اَرواح کے دائمی سکون کے لئے دعا کی ۔
 
 

جموں میں ہلاکتوں پر احتجاج

جموں// (یو این آئی)بانڈی پورہ میں ہوئی ہلاکتوں کے خلاف بھاجپا کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیاجس کے دوران پاکستان اور جنگجوؤں کے خلاف نعرے بازی کی اور پاکستان کے جھنڈے اور وزیر اعظم عمران خان کے پتلے کو بھی نذر آتش کردیا۔مظاہرین کی سربراہی بھارتیہ جنتا یوا مورچہ کررہا تھا، نے جموں شہر کے مصروف ڈوگرہ چوک کو بھی کچھ وقت تک بلاک کردیا۔اس موقعہ پر ایک احتجاجی نے کہا کہ پاکستان ہمارے لیڈروں کو ہلاک کر کے کشمیر کو جلتا ہوا دیکھنا چاہتا ہے، وہ جموں وکشمیر میں امن کی ہوا چلنے سے پریشان ہوگیا ہے'۔مذکورہ احتجاجی نے کہا کہ ملی ٹنٹ ہمارے لیڈروں کو نشانہ بنا رہے ہیں جس سے انہیں کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم گذشتہ 70 برسوں سے کشمیر میں قربانی دے رہے ہیں اور ان حرکتوں سے ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔
 
 

اپنی پارٹی، پی ڈی ایف، نیشنل کانفرنس اور کانگریس کی مذمت 

سرینگر//اپنی پارٹی صدر سعید محمد الطاف بخاری ،پپلز ڈیموکریٹک فرنٹ چیئرمین حکیم یاسین ، نیشنل کانفرنس سینئر لیڈر صوفی غلام رسول ، کانگریس لیڈر امیاز احمد پرے، اپنی پارٹی کے لیڈرسیدفاروق اندرابی  اور بھاجپانے بانڈی پورہ میں بی جے پی لیڈر وسیم باری ، والد اور بھائی کی ہلاکت کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ الطاف بخاری نے اِس واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اِس سنگین جرم کے قصورواروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لاکر انہیں قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیاجائے ۔ انہوں نے کہا’’ اپنی پارٹی اس خوفناک دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتی ہے جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد ہلاک ہوگئے ، اس طرح کے شرمناک واقعات سے ماسوائے عام لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کے کچھ حاصل ہونے والا نہیں‘‘۔ انہوںنے کہاکہ کسی کو مارنے کی کوئی جوازیت ہے اور نہ ہی مہذب معاشرے میں اس طرح کے تشدد کی کوئی جگہ ۔ فوری طور پر سبھی سیاسی کارکنان بشمول جن کی حالیہ دنوں سیکورٹی واپس لی گئی ہے، کے سیکورٹی کور کافوری جائزہ لینے کامطالبہ کرتے ہوئے بخاری نے مزید کہاکہ تشدد سے متاثرہ کشمیر میں سیاسی عمل بذات خود ایک مشکل کام ہے اور بلالحاظ پارٹی سبھی کارکنان اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر امن عمل کو مستحکم کرنے کے لئے کام کررہے ہیں ۔غمزدہ کنبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بخاری نے مارے گئے افراد کے ایصال ِ ثواب اور اہل خانہ کے حق میں دعا کی ہے ۔ ادھر حکیم یاسین نے کہا کہ کوئی بھی مذہب نہتے انسانوں کے قتل عام کی اجازت نہیں دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں اختلاف رائے کا ہونا ایک قدرتی امر ہے جس کا مقابلہ پر امن طریقے پر جمہوری تقاضوں کے مطابق ہی کیا جانا چاہیے۔ اس دوران کے این ایس کے مطابق  صوفی غلام رسول نے بندوق برداروں کے ہاتھوں شمالی کشمیر میں ایک ہی کنبے کے تین افراد کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سرکار سے مطالبہ کیا ہے مسئلہ کشمیر کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے تاکہ اس طرح کی ہلاکتیں روز روز نہ دیکھنے پڑیں۔دریں اثناء کانگریس کے بانڈی پورہ ضلع صدر امتیاز پرے اور اپنی پارٹی لیڈر  سیدفاروق اندرابی نے کہا ہے کہ بے گناہوں کا قتل کرنا انسانیت کے خلاف ہے اس ہلاکت کو شرمناک اور بزدلانہ قرار دیتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ بی جے پی لیڈروں نے بانڈی پورہ میں پارٹی کے سابق ضلع صدر وسیم باری کی ہلاکت پر رنج و غم کا اظہار کیاہے۔بیان کے مطابق پارٹی کے سینئر لیڈروں محمد اقبال جان ، عبدارحمان ٹیکری،الطاف ٹھاکر،حمید اللہ بٹ اور عارف راجہ نے جنگجوئوں کے حملے کو کھلی دہشت گردی اور بزدلانہ حرکت قرار دیتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی مذہب نا حق قتل عام اور نہتے پر وار کی اجازت نہیں دیتا۔ان لیڈراں کا کہنا تھا کہ ایسی کاروائیوں سے انکے حوصلے پست نہیں ہونگے۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا’’ قوم دشمن عناصر پڑوسی ملک کے اشاروں پر ایسی وارداتیں انجام دیکر بے قصور لوگوں کا قتل عام کرتی ہے،جس کی اجازت نہیں دی جائے گی‘‘۔ بھاجپا لیڈروں نے اس واقعے کی بڑے پیمانے پر تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئیے اس میں ملوثیں کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لانے پر زور دیا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بھاجپا لیڈروں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے مزید اقدامات اٹھائے جائے۔بی جے پی لیڈروں نے بانڈی پورہ میں پارٹی کے سابق ضلع صدر وسیم باری کی ہلاکت پر رنج و غم کا اظہار کیاہے۔بیان کے مطابق پارٹی کے سینئر لیڈروں محمد اقبال جان ، عبدارحمان ٹیکری،الطاف ٹھاکر،حمید اللہ بٹ اور عارف راجہ نے جنگجوئوں کے حملے کو کھلی دہشت گردی اور بزدلانہ حرکت قرار دیتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی مذہب نا حق قتل عام اور نہتے پر وار کی اجازت نہیں دیتا۔ان لیڈراں کا کہنا تھا کہ ایسی کاروائیوں سے انکے حوصلے پست نہیں ہونگے۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا’’ قوم دشمن عناصر پڑوسی ملک کے اشاروں پر ایسی وارداتیں انجام دیکر بے قصور لوگوں کا قتل عام کرتی ہے،جس کی اجازت نہیں دی جائے گی‘‘۔ بھاجپا لیڈروں نے اس واقعے کی بڑے پیمانے پر تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئیے اس میں ملوثیں کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لانے پر زور دیا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بھاجپا لیڈروں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے مزید اقدامات اٹھائے جائے۔

 

تازہ ترین