تازہ ترین

ہندوستان عالمی بحالی میں قائدانہ کردار ادا کریگا:مودی

دنیا بھرمیں طبی،معاشی اور دوسرے مختلف شعبوں میں ملک کی صلاحیتوں کا غلبہ

تاریخ    10 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


نئی دہلی/یواین آئی/ ہندوستان ’’صلاحیت کاپائورہائوس‘‘ہے ،جوکورونا کے وباء کی وجہ سے بدحال دنیا کی بحالی (بازآبادکاری)  میں ایک اہم اور قائدانہ کرداراداکرنے کیلئے بے چین ہے۔اس بات کااظہار وزیراعظم نریندر مودی نے ایک ورچیول کانفرنس ’انڈیا گلوبل ویک2020‘کے افتتاح کے موقعہ پراپنے خطاب میں کیا۔اس سہ روزہ کانفرنس میں30ممالک کے 5000 مندوبین شریک ہورہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لئے بحالی کے بارے میں بات کرنا فطری بات ہے اور ہندوستان کو عالمی بحالی کے ساتھ جوڑنا بھی اتنا ہی فطری امر ہے ۔ یہ سب کا یقین ہے کہ ہندوستان اس بحالی (بازآباد کاری) میں ایک قائدانہ کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس میں دو چیزیں بہت اہم ہیں، او ل، ہندوستان کی صلاحیت جس کی پوری دنیا میں طوطی بولتی ہے ۔ دنیا بھر میں میڈیکل، بینکر، معیشت اور دوسرے مختلف شعبوں میں ہندوستانی صلاحیتوں کا غلبہ ہے ۔ کون ہندوستان کی ٹیکنالوجی سے متعلق صنعتوں اور پیشہ ور افراد کو بھلا سکتا ہے ۔ وہ دہائیوں سے دنیا کو راستہ دکھا رہے ہیں۔ ہندوستان ٹیلنٹ کا ایک پاور ہاؤس ہے جو اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے بے چین ہے ۔ مودی نے کہا کہ دوسر ا ہے ہندوستان کی اصلاح اور نیا کرنے کی صلاحیت ہے ۔ ہندوستان فطری طور پر اصلاح پسند ہے ۔ تاریخ گواہ ہے کہ ہندوستان نے ہر چیلنج کا مقابلہ کیا ہے خواہ معاشرتی ہو یا معاشی۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان کورونا وبا کے ساتھ ساتھ اپنی معیشت کی صحت کو بہتر بنانے کی جنگ بھی لڑ رہا ہے ۔ 
 

تازہ ترین