شہر میں نکاسِ آب کیلئے 49پمپ سٹیشنوں کی تنصیب

ڈاکٹر سید عابد رشید کی پروجیکٹ کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنیکی ہدایت

تاریخ    10 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//اکنامک رکنسٹرکشن ایجنسی اورجہلم اینڈ توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ کے سی ای او ڈاکٹر سید عابد رشید نے کل سرینگر میں 103 کروڑ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر 49 نکاسِ آب پمپ سٹیشنوں کی توسیع کے کام کا جائیزہ لیا ۔ یہ پروجیکٹ عالمی بنک کی معاونت سے جہلم توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ کے تحت سرینگر میونسپل کارپوریشن تعمیر کر رہی ہے ۔ ایس ایم سی کے سُپر انٹینڈنگ انجینئر نے سی ای او  جے کے ای آر اے /جے ٹی ایف آر پی کو جانکاری دی کہ نکاس آب سٹیشنوں پر کام سرعت سے جاری ہے اور تکمیل کے حتمی مراحل میں ہے ۔ انہیں بتایا گیا کہ سٹیشنوں کیلئے ساز و سامان کے حصول کیلئے بھی کاروائی شروع کی گئی ہے جو ستمبر 2020 تک مکمل کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم سی نے 12 اعلیٰ صلاحیت والے ڈیزل انجن پمپوں کا حصول 2.75 کروڑ روپے کی لاگت سے عمل میں لایا ہے ۔ جبکہ 85 لاکھ روپے کی لاگت سے پمپوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے والی آٹھ گاڑیاں بھی خریدی گئی ہیں اور 58 لاکھ روپے کی لاگت سے گندھے پانی کے تجزئے کیلئے آلات بھی حاصل کئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ ہنگامی صورتحال میں کام آنے والی گاڑیاں بھی 48 لاکھ روپے کی لاگت سے خریدی گئی ہیں ۔ سی ای او نے ایس ایم سی کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ 49 نکاسِ آب پمپ سٹیشنوں کی توسیع میں درپیش رکاوٹوں کو فوری طور دور کر کے پروجیکٹ کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کیلئے کہا ۔ بعد میں ڈاکٹر عابد رشید نے گورنمنٹ سلک فیکٹری راج باغ میں 12.5 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے جا رہے کمپو زٹ مارکیٹ سنٹر کا بھی معائینہ کیا ۔ انہیں بتایا گیا کہ سنٹر پر کام سرعت سے جاری ہے اور بروقت مکمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے محکمہ تعمیراتِ عامہ کشمیر کی جانب سے  جے ٹی ایف آر پی کے تحت دیگرذیلی پروجیکٹوں پر جاری کام کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہیں بتایا گیا کہ 233 کروڑ روپے کی لاگت سے 22 ذیلی پروجیکٹوں پر کام جاری ہے جن میں 5 اہم پُل بشمول بوائیل پُل ، جم گنڈ پُل ، وچی پُل ، کالی بین پُل اور سندھورہ پُل شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ گورنمنٹ ڈگری کالج بمنہ ، امر سنگھ ڈگری کالج سرینگر ، وومن ڈگری کالج ایم اے روڈ سرینگر ، گورنمنٹ ڈگری کالج بج بہاڑہ ، گورنمنٹ ڈگری کالج فار وومن اننت ناگ کیلئے 5 عمارتوں اور بون اینڈ جوائینٹ ہسپتال برزلہ سرینگر کیلئے جدید سہولیات سے آراستہ اضافی بلاک ، فائیر اینڈ ایمر جنسی محکمہ کیلئے بٹہ مالو میں عمارت کی تعمیر اور وادی میں 29 سکول عمارات کی تعمیر شامل ہے ۔ سی ای او نے تعمیراتِ عامہ کے افسروں کو بون اینڈ جوائینٹ ہسپتال برزلہ کیلئے اضافی بلاک کا کام فوری طور شروع کرنے کیلئے کہا ۔ 
 

تازہ ترین