سیکریٹریٹ دفاتر کا پہلا دن

سیاحتی شعبے کو عنقریب کھولنے کا اعلان

تاریخ    7 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


بلال فرقانی

ڈیلی ویجروں کو ایک ہفتے میں تنخواہیں دینے کہ ہدایت

 
سرینگر//پیر کو سرینگر میں دربار مو دفاتر منتقلی کے بعد لیفٹیننٹ گورنر جی سی مرمو نے اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جموں کشمیر کوسیاحت کیلئے کھولنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔اسکے علاوہ ڈیلی ویجروں اور کنٹریکچول ملازمین کی تنخواہیں واگزار کرنے کی بھی ہدایات دی گئیں۔فی الحال سیکریٹریٹ عام لوگوں کے داخلے کیلئے بند ہے۔حکومتی ترجمان روہت کنسل نے ٹویٹر پر اسکی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر نے سیول سیکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی میٹنگ میں اس حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں۔انہوں نے کہا’’ سیاحت کے شعبے کو عنقریب کھولا جائے گا،اور حکومت مفصل رہنما خطوط اور معیاری عملیاتی طریقہ کار جلدی جاری کرے گی‘‘۔ادھرعالمگیر وباء کورونا وائرس کے نتیجے میں قریب2ماہ کی تاخیر کے بعد پیر کو سرینگر کے سیول سیکریٹریٹ میں19انتظامی دفاتر کھل گئے۔ ان دفاتر میں شہری ہوا بازی، ثقافت، ایسٹیٹس،خزانہ،پھولبانی،عمومی انتظامی،باغبانی،اعلیٰ تعلیم،تواضع،صنعت و حرفت،انفارمیشن ٹیکنالوجی،قانون،انصاف و پارلیمانی امور،محنت و روزگار، تعمیرات عامہ،سماجی بہبود،اسکولی تعلیم،فروغ ہنر، سیاحت اور کھیل کود کے محکمے شامل ہیں۔ سیول سیکریٹریٹ میں پہلے روز سماجی فاصلہ کو اپناتے ہوئے افسران اور ملازمین نے کام شروع کیا۔لیفٹیننٹ گورنر جی سی مرمو نے پیر صبح دفتر کھلتے ہی تمام کمشنر سیکریٹریوں کی میٹنگ طلب کی،جس کے دوران انتظامی امورات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میںجی سی مرمو نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر میں سیاحت کو کھولا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے زیر تعمیر کاموںمیں سرعت لانے ، کڑی نگرانی کرنے اور مختلف سکیموں کے تحت واجب الادا رقومات کو ترجیحی بنیاد پر واگزار کرنے پر زور دیا ۔انہوں نے ترجیحی بنیاد پر واگزار کرنے اور کنٹریکچول اور ڈیلی ویجروں کی اُجرتوں کو بھی ایک ہفتے کی مدت کے اندر واگزار کرنے کو ہدایت دیں ۔لوگوں کی جانب سے روزانہ استعمال میں لائے جانے والے عام معدنیاتی مواد دستیاب رکھنے کی مانگ کے پیش نظر لیفٹیننٹ گورنر کے متعلقہ افسروں کو مقامی سطح پر فوری طور قلیل مدتی کان کنی پرمٹ جاری کرنے کے لئے طریقہ ٔکار تلاش کرنے کے لئے کہاتاکہ لوگوں کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انتظامی ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹری نے بھی تمام انتظامی سیکریٹریوں کو ہفتہ میں ایک دن اضلاع کا دورہ کرنے کی ہدایت دی۔ہدایات کے مطابق کمشنر سیکریٹری محکمہ عمومی انتظامی کو کارڈی نیشن کریں گے اور اس بات کو یقینی بنایاجائے گاکہ ہر ایک ضلع کا15 روز میں دورہ کیاجائے ۔
 

تازہ ترین