تازہ ترین

سرینگر کے دو نوجوان کنگن میں غرقآب

نالہ سندھ کے تیز بہائو نے اپنے ساتھ لیا

تاریخ    6 جولائی 2020 (00 : 02 AM)   


غلام نبی رینہ
کنگن//سرینگر کے دو نوجوان کنگن میں نالہ سندھ میں غرقآب ہوئے۔مذکورہ نوجوان نور باغ پالہ پورہ سرینگر سے تعلق رکھتے تھے۔کجپارہ کنگن اور اس کے آس پاس علاقے کے لوگوں کے مطابق شدت کی گرمی سے نجات پانے کے لئے معمول کے مطابق لوگ سنیچر اور اتوار کو سونہ مرگ کا رخ کرتے ہیں لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے سونہ مرگ میں جانے کی اجازت نہ ملنے پر لوگ کجپارہ اور گگن گیر کے علاقے میں نالہ سندھ کے دامن پر گھوم پھرتے ہیں اور اس دوران نالہ سندھ میں بھی نہاتے ہیں۔اتوار کو بہت سارے لوگ یہاں جمع تھے جس کے دوران 2نوجوانوں نالہ سندھ میں نہانے کی غرض سے اتر گئے لیکن پانی کے تیز بہائو نے انہیں اپنے ساتھ لیا۔اس موقعہ پر یہاں موجود لوگوں نے انہیں بچانے کی کوئی کوشش نہیں کی جس کے نتیجے میں دونوں نوجوان پانی کی لہروں میں گم ہوگئے۔بعد میں پولیس ،مقامی لوگوں کے علاوہ ایس ڈی آر ایف کے غوطہ خوروں کی خدمات بھی حاصل کی گئیں لیکن شام دیرگئے تک 17برس کے زاہد عمر اور 18برس کے فیصل احمد کی نعشیں نالہ سندھ سے برآمد نہیں کی جاسکیں۔دونوں نوجوانوں کے نالہ سندھ میں ڈوب جانے کی خبرجب نور باغ پالہ پورہ کے علاقے میں پھیل گئی تو وہاں کہرام مچ گیا اور پوری آبادی میں ماتم چھا گیا۔