کٹھوعہ میں ترقیاتی پروجیکٹوں کا معائنہ

بصیر خان نے کئی کاموں کاافتتاح کیا

تاریخ    30 جون 2020 (00 : 03 AM)   


کٹھوعہ//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے دیہی ترقی محکمہ کی جانب سے جاری مختلف کاموں کا معائنہ کیا۔انہوںنے ضلع میں دیہی ترقی ، بجلی محکموں اور سیاحتی شعبے کے کام کاج کا جائزہ لیا۔مشیر کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوعہ، ایس ایس پی کٹھوعہ ، ڈائریکٹر محکمہ دیہی ترقی ، جے پی ڈی سی ایل کے چیف انجینئر ، جوائنٹ ڈائریکٹر محکمہ سیاحت ، اے سی ڈی کٹھوعہ اور دیگر متعلقہ افسران تھے۔مشیر موصوف نے مرحین بلاک کے سسون موڑپر 14ویں مالی کمیشن کے تحت 1.30لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے پسنجر شیڈکا اِفتتاح کیا۔ اُنہوں نے منریگا کے تحت 2.96 لاکھ روپے کی لاگت سے ٹنڈا دیہات میں ٹریکٹر سڑکوںکی زیر تعمیر کا بھی معائنہ کیا۔ پنچایتی راج اِداروں کے نمائندوںکے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے مشیر موصوف نے اُنہیں عوامی اِفادیت کے حامل مزید منصوبوں اور پروجیکٹوں کو سامنے لانے کے لئے کہا۔مشیر بشیر خان نے برنوتی بلاک کی مختلف پنچایتوں کا بھی دورہ کیا اور راجباغ اور بہالو میں جاری زیر تعمیر ٹریکٹر سڑکوں ، میرتھ اور نانن میں تالابوں کی تجدید و بحالی کے کام کا معائینہ کیا ۔اُنہوںنے متعلقہ بی ڈی او کو اِن کاموں کو مقررہ مدت کے دوران مکمل کرنے کے لئے کہا۔مشیر موصوف نے نانن میں 2 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے نہانے کے گھاٹ اورمیرتھ میں سی ایف سی تجدید شدہ عمارت کو بھی عوام کے نام وقف کیا۔بعد میں مشیربصیر خان نے ڈی سی آفس کمپلیکس ہال میں اَفسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے دیہی ترقی ، بجلی اور سیاحتی شعبے کے کام کاج کا مفصل جائزہ لیا۔ضلع میں بجلی کے منظر نامے کا جائزہ لیتے ہوئے مشیر موصوف نے پی ڈی ڈی انجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ ٹرانسفارمر جیسے اثاثوں کے ریکارڈ کی دیکھ ریکھ یقینی بنائیں ۔اُنہوں نے کسی بھی ہنگامی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے ٹرانسفارمروں کا بفر سٹاک رکھنے کی ہدایت دی۔ بصیر خان نے سیاحت کے شعبے کا جائزہ لیتے ہوئے حکام کو ہدایت دی کہ وہ پہاڑی علاقے ڈھاگر، اٹل سیٹو کے آس پاس کے علاقے کی سیاحت کے امکانات کے بارے میں ایک ہفتہ کے اندر اندر ایک نمایاں فیچر رپورٹ بنانے کے لئے کہا۔ اُنہوں نے ضلع میں سیاحت کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے ثقافتی ورثہ ، کرافٹ ،پلگرمیج ، ایڈونچر اور دیہی سیاحت کے فروغ کے لئے سائٹس کی نشاندہی کرنے پر بھی زور دیا۔اُنہوں نے سیاحت کے حکام کو محکمہ سیاحت کے اثاثوں پر کسی قسم کی تجاوزات کے خلاف محکمہ ریوینو کی مدد سے قانونی کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی۔اُنہوں نے پی آر آئی کے منتخب نمائندوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں معاشرتی دوری اور بار بار ہاتھ دھونے جیسی احتیاطی تدابیر جیسے کووِڈ۔ 19 پر بیداری پیدا کرنے میں اِنتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔اس سے قبل ڈی ڈی سی کٹھوعہ نے پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعہ محکمہ دیہی ترقی ، پی ڈی ڈی اور سیاحت سیکٹروں کے کاموں کا تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ڈی ڈی سی نے میٹنگ کو بتایا کہ ضلع کٹھوعہ میں سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے کافی صلاحیتیں موجود ہے ۔انہوں نے پی ڈی ڈی ، آر ڈی ڈی اور سیاحت کے شعبوں کے جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ان ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل مقررہ مدت کے اندر یقینی بنانے کی ہدایت دی۔

تازہ ترین