صدر ٹرمپ کی گرفتاری | ایران نے وارنٹ جاری کردیا، انٹرپول نے مدد کی درخواست مسترد کر دی

تاریخ    30 جون 2020 (00 : 03 AM)   


یو این آئی
تہران //ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انٹرپول سے ان کی گرفتاری میں مدد کی درخواست کی ہے، تاہم انٹر پول نے یہ درخواست مسترد کردی ہے۔ ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی 'اِرنا' نے ایک مقامی پراسیکیوٹر کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ایران نے جنرل قاسم سلیمانی پر ڈرون حملے کے الزام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے علاوہ متعدد دیگر افراد کے وارنٹ بھی جاری کیے ہیں۔اگرچہ ان وارنٹس سے صدر ٹرمپ کی گرفتاری کا کوئی خطرہ نہیں لیکن اس اقدام سے ایران اور امریکہ کے تعلقات میں مزید کشیدگی آ سکتی ہے۔تہران کے ایک مقامی پراسیکیوٹر علی القاسم یھر نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ اور دیگر 30 افراد کو ایران نے رواں سال جنوری کی تین تاریخ کو بغداد میں جنرل قاسم سلیمانی پر حملے کا ذمہ دار ٹھیرایا ہے۔ ان افراد کو ’’قتل اور دہشت گردی‘‘کے الزامات کا سامنا کرنا ہو گا۔القاسمیھر نے صدر ٹرمپ کے علاوہ کسی اور شخص کا نام نہیں لیا۔ لیکن ان کا کہنا تھا کہ ایران صدر ٹرمپ کی صدارت ختم ہونے کے بعد بھی ان کے خلاف کارروائی جاری رکھے گا۔القاسمیھر نے مزید کہا ہے کہ ایران نے انٹرپول سے صدر ٹرمپ کو گرفتار کرنے کیلئے 'ریڈ نوٹس' جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔ البتہ اس معاملے پر انٹرپول نے رد عمل جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے کوئی کاروائی نہیں کر سکتے۔ خیال رہے کہ قاسیم سلیمانی ایران میں پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ تھے جنہیں رواں سال امریکہ نے عراق میں ایک ڈرون حملے میں ہلاک کر دیا تھا۔
 

تازہ ترین