’ لاک ڈائون میں نرمی‘ کے دوسرے مرحلے کا اعلان

۔31جولائی تک تعلیمی ادارے،مذہبی ، سیاسی و سماجی اجتماعات پر پابندی

تاریخ    30 جون 2020 (00 : 03 AM)   


نیوز ڈیسک
نئی دہلی//مرکز ی حکومت نے ملک بھر میں’’ لاک ڈائون میں نرمی‘‘ کے دوسرے مرحلے کا اعلان کیا ہے،جس کا اطلاق یکم جولائی سے31جولائی تک ہوگا۔مرکزی وزارت داخلہ نے دوسرے مرحلے میں بندشوں میں نرمی کے حوالے سے رہنما خطوط جاری کئے ہیں،جس کے تحت اسکول،کالج اور دیگر تعلیمی ادارے31جولائی تک بدستور مقفل رہیں گے۔ رہنما خطوط میں تاہم کہا گیا ہے کہ اس دوران آن لائن طریقہ کار اور فاصلاتی تعلیم کی اجازت ہوگی اور اس کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے کی بندشوں میں نرمی کے دوران بین الاقوامی ہوائی سفر ماسوائے،جس کی اجازت سرکار نے دی ہے،بدستور بند رہے گا۔ حکومت نے31جولائی تک میٹرو ریل،سنیما، شراب خانے، ورزش کے کلب بھی بند رکھنے کا فیصلہ لیا ہے۔ رہنمائے خطوط میں کہا گیا ہے کہ بندشوں میں نرمی کے دوسرے مرحلے میں گھریلو پروازوں اورمسافربردار ریلوں کی سہولیات میں مزید توسیع کی جائے گی۔ شبانہ کرفیو اس عرصے میں جاری رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے جو شام10بجے سے5بجے تک جاری رہے گا،تاہم لازمی سرگرمیوں کوشبانہ کرفیو سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔ کرونا وائرس سے متعلق محدود کئے گئے علاقوں میں31جولائی تک لاک ڈائون کو جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے،جبکہ ضلع حکام کو ان علاقوں کی نشاندہی کا اختیار دیا گیا ہے۔ بندشوں میں نرمی کے دوسرے مرحلے میں سیاسی،تدریسی،تہذیبی،مذہبی،کھیل کود اور دیگر بڑے اجتماعات و تقاریب بدستور ممنوع ہونگے۔
 

تازہ ترین