تازہ ترین

عبادتگاہیں، شاپنگ مال، ریستواران اور ہوٹل

ریڈ زونوں کے باہر سخت ترین ہدایات کے تحت8جون سے کھولے جائینگے

تاریخ    6 جون 2020 (00 : 03 AM)   


نیوز ڈیسک
نئی دہلی//ملک کو محدود پیمانے پرمرحلہ وار بنیادوں پر کھولنے کیلئے لاک ڈائون میں لائی گئی نرمی کے بیچ اب عبادت گاہوں، شاپنگ مالز، ریستوران اور ہوٹلوں  کے علاوہ دیگر کام کرنے والے مقامات کو 8جون سے کھول دیا جائیگا۔تاہم ریڈزون علاقوں میں اس طرح کی کسی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ مرکزی حکومت نے رہنما ہدایات جاری کر دیئے ہیں ،جس کے مطابق عبادت گاہوں میں سماجی دوری اختیار کرنے کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مرکزی وزارت برائے صحت و خاندانی بہبود نے مذہبی مقامات و عبادت گاہوں کے تعلق سے جو رہنما ہدایات جاری کئے ہیں ان کے مطابق جسمانی فاصلہ کا خیال رکھنا سب سے اہم ہے کیونکہ مذہبی مقامات پر لوگوں کی موجودگی بڑی تعداد میں ہوتی ہے۔رہنما ہدایات کے مطابق عبادت گاہوں میں مذہبی کتابوں کو چھونے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ رہنما ہدایات میں اجتماعی عبادت سے بچنے کے لئے کہا گیا ہے کیونکہ اس دوران بہت زیادہ لوگ اکٹھا ہو جاتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ مسجدوں میں اتنے لوگوں کو ہی جانے کی اجازت مل سکے گی جس میں جسمانی فاصلہ یعنی سوشل ڈسٹنسنگ کو یقینی بنایا جا سکے۔مذہبی مقامات و عبادت گاہوں کے باہر لوگوں کی قطار لگنے کی صورت میں ان کے درمیان کم از کم 6 فٹ کی دوری رکھنے کی سخت ہدایت دی گئی ہے۔ خصوصی طور پر مندر میں پرساد کی تقسیم اور گنگا جل کے چھڑکاؤ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ مندروں میں مورتی چھونے کی اجازت بھی نہیں دی گئی ہے۔ ’’سادگی کے ساتھ عبادت کیجیے اور پھر نکل جائیے‘‘۔ مذہبی مقامات پر براہ راست بھجن وغیرہ گانے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔ اس کی جگہ ریکارڈ کئے گئے بھجن کو چلانے کی بات گائیڈ لائن میں کہی گئی ہے۔اس درمیان مذہبی عبادت گاہوں کو سینیٹائز کئے جانے کا کام تیزی سے چل رہا ہے۔ چونکہ 8جون سے مسجد، مندر، گرودوارے اور چرچ وغیرہ کھل جائیں گے۔ اس سے پہلے ہر طرح کے احتیاطی اقدامات مذہبی مقامات اور عبادت گاہوں کی انتظامیہ کر لینا چاہتی ہے۔شاپنگ مالز، ریستوران اور ہوٹلوں کے لئے بھی یہی ہدایات دی گئی ہیں۔65سال سے زیادہ، حاملہ خواتین اور 10سال سے کم بچوں کو حتی الاامکان گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔چہرے پر ماسک پہننا لازمی ہے، چاہیے شاپنگ مال ، ہوٹل، ریستوران یا کسی بھی عبادت گاہ میں داخل ہونے کی کوشش ہو۔شاپنگ مال، ہوٹلوں، ریستورانوں اور عبادت گاہوں میں کام کرنے والے لوگوں کو دستانے اور ماسک پہننا ہونگے۔کسی بھی شاپنگ مال میں لفٹ میں صرف ایک شخص بٹھایا جاسکتا ہے۔پنکھے اور ائر کنڈیشن استعمال کرنے کے باوجود 24سے 30دغری کا درجہ حرارت برقرار رہنا چاہیے۔