تازہ ترین

کوروناوائرس کی روکتھام | بصیر خان نے بانڈی پورہ میں اِقدامات کاجائزہ لیا

تاریخ    4 جون 2020 (00 : 03 AM)   


نیوز ڈیسک
بانڈی پورہ//لیفٹیننٹ گورنر کے بصیر احمد خان نے ضلع بانڈی پورہ کے دورے کے دوران وہاں ضلع اِنتظامیہ کی طرف سے کووِڈ۔ 19 کی روکتھام کے لئے اُٹھائے گئے اِقدامات اور ضلع میں مختلف سکیموں کے تحت زیر تعمیر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ نے اُنہیں ضلع اِنتظامیہ کی طرف کووِڈ۔19 کی روکتھام کے لئے اُٹھائے گئے اِقدامات سے متعلق پرزنٹیشن پیش کی۔ضلع اِنتظامیہ کی طرف سے اُٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے مشیر موصوف نے ریڈ زون علاقوں میں نمونے لینے میں سرعت لانے پر زور دیتے ہوئے بزرگوں اور دائمی امرا ض کے شکار افراد پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کے لئے کہا۔ اُنہوں نے کووِڈمریضوں کے رابطوں کی تلاش میں تیزی لانے اور وَبا سے متعلق تمام قواعد و ضوابط پر من و عن عمل کرنے کی ضلع اِنتظامیہ کو ہدایت دی ۔ اُنہوں نے طبی ٹیموں کے ساتھ تعاون کرنے کی خاطر راغب کرنے کے لئے عوامی نمائندوں اور مذہبی قائدین سے مدد لینے کی بھی افسروں کو ہدایت دی تاکہ کووِڈ مرض بردار کے رابطہ کاروں کی تلاش اور علاج و معالجہ میں آسانی پیدا ہوسکے۔اُنہوں نے افسروں کو تمام احتیاطی تدابیر بشمول سماجی دُوری بنائے رکھنے اور ماسک استعمال کرنے کی بھی ہدایت دی ۔اُنہوں نے افسروں اور فیلڈ عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اُنہیں کووِڈ وَبا کے خلاف تندہی سے کام جاری رکھنے کے لئے کہا۔ انہوں نے ضلع اِنتظامیہ کوعوام کو مختلف خدمات فراہم کرنے سے وابستہ تاجروں کو اپنا کام شروع کرنے کی اجازت دینے سے پہلے اُن کا کووِڈ۔19 ٹیسٹ کرنے کی ہدایت دی۔مشیر موصوف نے ریڈ اور بفر زون علاقوں میں اشیائے ضروریہ کی دستیاب یقینی بنانے کے لئے کہا تاکہ لاک ڈاون کے سبب اِن علاقوں میں بودو باش رکھنے والوں کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اُنہوں نے عوامی مقامات پر ماسک کے اِستعمال کو لازمی قراردینے کے حکمناموں کو سختی سے لاگو کرنے پر زور دیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو اِس ضمن میںکسی بھی خلاف ورزی کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کے لئے کہا۔ اِس سے قبل بصیر احمد خان نے ضلع میں محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے ترقیاتی کاموں کا معائینہ کیا۔اُنہوںنے ضلع میں متعدد دیہات کا دورہ کیا اور منریگا کے تحت جاری کاموں کا معائینہ کیا۔مشیر بصیر احمد خان نے ہردیہات میں کووِڈ ۔19وَبا سے متعلق تمام احتیاطی تدابیر پر عمل پیر ا رہ کر ہر دیہات میں ترقیاتی کام شروع کرنے کے لئے کہا ۔اُنہوں نے سکیم کے تحت بے روزگار افراد کے لئے زیادہ سے زیادہ ایام کار پیدا کرنے پر بھی زور دیا۔مشیر موصوف نے ناظم دیہی ترقی محکمہ کے ہمراہ گزر محلہ رکھہ شلوت میں کھیل میدان پر جاری ترقی کام کا معائینہ کیا جو ایم جی نریگا اور 14فائنانس کمیشن کے تحت 10لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہو رہا ہے۔ اُنہوں نے منریگا کے تحت نس بل میں زیڈ کوہل کی تجدید و توسیع کے کام کا بھی جائزہ لیا جس پر 1.60لاکھ روپے صر ف کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے ایس کے بالا 3.60لاکھ روپے کی لاگت سے ذیلی سڑک کے کام کی کا بھی معائینہ کیا۔مشیربصیر احمد خان نے کہا کہ سکیم کے تحت محکمہ نہ صرف ضرورت مند بے روزگار اَفراد کو روزگار فراہم کر رہا ہے بلکہ دیہی علاقوںمیں پائیدا ر اثاثہ بھی قائم کیا جارہا ہے ۔