تازہ ترین

’نرسنگ‘ طوفان کی دستک | مہاراشٹراورگجرات میں ہائی الرٹ،ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل

تاریخ    4 جون 2020 (00 : 03 AM)   


یو این آئی
نئی دہلی//شدید گردابی طوفان ’نرسنگ‘ مہاراشٹر اور گجرات کے ساحل سے ٹکرانے کا اندازہ ہے ،جس کا سامنا کرنے کے لئے دونوں ریاستوں میں پوری تیاری کرلی گئی ہے ۔محکمہ موسمیات نے ممبئی،ٹھانے اور پال گھر کے لئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے جس کے بعد افسروں نے ممبئی میں سمندر کے پاس سے سینکڑوں لوگوں اور اس کے آس پاس کے ساحلی ضلعوں سے ہزاروں شہریوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانا شروع کردیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے شدید بارش،110-100 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے اور تقریباً 2-1 میٹر اونچی لہریں اٹھنے کی وارننگ جاری کی ہے ۔ممبئی کے آس پاس کے علاقوں میں منگل کو تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ریاست کے پانچ ضلعوں میں کل 65,000لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے ۔گردابی طوفان کا مہاراشٹر کے ساحلی ضلعوں رائے گڑھ،ممبئی،ٹھانے اور پال گھر کے ساتھ ساتھ گجرات کے ولساڈ ،نوساری،سورت،بھاونگر اور بھروچ ضلعوں اور مرکزکے زیر انتظام ریاست دادرا اور نگر حویلی اور دمن اور دیپ پر بھی وسیع اثر پڑنے کا خدشہ ہے ۔قومی آفات سے نمٹنے والے دستے کے ایک بیان کے مطابق ،فوج اور بحریہ کے راحت اور بچاؤ دستے کے جوانوں کے ساتھ ساتھ بحریہ اور فضائیہ کے جہازوں اور طیاروں کو کسی بھی آفت والے حالات کے لئے تیار (اسٹینڈبائے پر)رکھا گیا ہے ۔ساحلی محافظ دستے کے جہاز پہلے سے ہی سمندر میں ماہی گیروں کو بچانے میں لگے ہوئے ہیں۔ 
 
 

وزیراعظم کی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی

نئی دلی //وزیراعظم نریندرمودی اور قومی بحران انتظامیہ کمیٹی نے منگل کو مہاراشٹر اور گجرات میں آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور ساحلی ریاستوں کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کی۔ دوسری سمت،مہاراشٹر کے وزیراعلی ادھو ٹھاکرے نے کل سے لاک ڈاؤن میں راحت دینے کا منصوبہ ‘مشن بیگن اگین’ کو دو دن کے لئے ملتوی کردیا گیا ہے اور شہر اور ساحلی ضلعوں کے شہریوں کو اپنے اپنے گھروں میں ہی رہنے کے لئے کہا ہے ۔