عالمی وبا کا قہر | ملک میں5815اموات،9ہزارنئے معاملے سامنے

تاریخ    4 جون 2020 (00 : 03 AM)   


یو این آئی
نئی دہلی// ملک میں کورونا وائرس کا قہر انتہائی تیزی سے بڑھ رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 8909 نئے کیسز درج کئے جانے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد دو لاکھ سے متجاوز کر گئی۔ صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے بدھ کو جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متاثرین کی تعداد بڑھ کر207615ہو گئی۔ اس دوران 217 لوگوں کی موت کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 5815 ہو گئی۔ ملک میں اب تک کل 100303 لوگ صحت مند بھی ہو چکے ہیں اور فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 101497 ہو گئی ہے ۔مہاراشٹر اس وبا سے ملک میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ۔ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2287 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 103 افراد کی موت ہوئی ہے جس کے ساتھ ہی ریاست میں اس وباسے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 72ہزار300 اور اس جان لیوا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 2،465 ہو گئی ہے ۔ تامل ناڈو میں متاثرین کی تعداد 24ہزار586 تک پہنچ گئی ہے اور 197 اموات ہوئی ہے جبکہ 13ہزار706 افراد کو علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے چھٹی دی جا چکی ہے ۔ کوروناوائرس سے قومی دارالحکومت دہلی کی بھی حالت کافی تشویشناک بنی ہوئی ہے اور ملک میں دہلی متاثرین کی تعداد کے معاملے میں تیسرے نمبر پر ہے ۔ دہلی میں 22،132 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 556 لوگوں کی جان جا چکی ہے جبکہ 9،243 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔ اس کے بعد کووڈ -19 سے متاثر ہونے کے معاملہ میں ملک کی مغربی ریاست گجرات ہے ۔ گجرات میں اب تک 17،617 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور 1،092 لوگوں نے جان گنوائی ہے ۔ اس کے علاوہ 11،894 افراد اس بیماری پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ راجستھان میں بھی کوروناوائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور یہاں متاثرین کی تعداد 9373 ہو گئی ہے جبکہ203 افراد کی موت ہو چکی ہے ، اور 6435 لوگ مکمل طور پر ٹھیک ہوئے ہیں۔ مدھیہ پردیش میں 8،420 افراد کورونا وائرس سے متاثرہوئے ہیں اور 364 افرادکی اس وبا سے موت ہو گئی ہے جبکہ 5،221 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔ آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں اب تک 8،361 افراد کورونا وائرس کی زد میں آئے ہیں اور 222 لوگوں کی موت ہوئی ہے جبکہ 5،030 لوگ اس وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔ مغربی بنگال میں 6168 لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 335 افراد کی موت ہو چکی ہے اور اب تک 2410 لوگ ٹھیک ہوئے ہیں۔
 
 

تازہ ترین