زینہ گیر نہر میںگندگی کے ڈھیر

کسانوں کو آبپاشی کے دوران مشکلات کا سامنا

تاریخ    3 جون 2020 (00 : 03 AM)   


غلام محمد
سوپور//شمالی قصبہ سوپور کے زینہ گیر علاقہ میں ہزاروں کنال زرعی اراضی کو سیراب کرنے والی’ زینہ گیر نہر‘ متعلقہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے کوڑے دان میں تبدیل ہوچکی ہے ۔مقامی لوگوں اور زمینداروں کا کہنا ہے کہ محکمہ اریگیشن کی عدم توجہی کی وجہ سے ہزاروں کنال زرعی اراضی کو سیراب کرنے میں مشکلات درپیش ہیں بلکہ کئی علاقوں میںپانی کی عدم دستیابی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔نہر کے گرد نواح میں آباد  بستیوں میں رہائش پذیر لوگوں کا کہنا ہے کہ چند سال قبل اس آبپاشی نہر سے انتہائی صاف وشفاف پانی فراہم ہوتا تھا اور مقامی لوگ آبپاشی کے علاوہ کھانے پینے کے لئے بھی اس کا پانی استعمال میں لاتے تھے۔ آج یہ نہر گندگی وغلاظت سے بھری پڑی ہے اور نہر نے کوڑے دان کی شکل اختیار کرلی ہے۔ اس بارے میں صدیق کالونی کے لوگوں کا مزید کہنا ہے کہ گرمیوں کے ایام شروع ہوتے ہی اس نہر میں موجود گندگی سے بدبو پھیلتی ہے جس سے علاقے میں بیماریاں پھوٹ پڑنے کا خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہا ’’ ہم نے کئی مرتبہ محکمہ آبپاشی سے اپیل کی کہ نہر کی صفائی کی جائے لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی‘‘۔اس بارے میں محکمہ آبپاشی کے افسران کا کہنا ہے کہ انہوں نے بہت ساری نہر وںکی صفائی کی ہے اور موجودہ حالات کی وجہ سے ابھی کچھ کام باقی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس بارے میں میونسپل کونسل سوپور سے بھی مدد طلب کی گئی ہے تاکہ نہر کی صفائی پوری طرح ہو۔
 

تازہ ترین