موسم نے لی کروٹ

شہر سمیت کئی علاقوں میں تیز بارشیںو ژالہ باری

تاریخ    3 جون 2020 (00 : 03 AM)   


اشفاق سعید
سرینگر//وادی میں موسم نے ایک بار پھر کروٹ لی اور دوپہر بعد متعدد علاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی جس کے نتیجے میں گلاس، اور دیگر میوہ فضلوں کو نقصان پہنچا ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے بدھ سے موسم بہتر رہنے کی پیش گوئی کی ہے ۔منگل کو بعد دوپہر اچانک مطلع ابرآلود ہوا اور شمالی ، جنوبی اور وسطی کشمیرمیں تیز ہوائوں کے ساتھ ساتھ شدید ژالہ باری اور بارش ہوئی جس کی وجہ سے دھان کی پنیری اور دیگرفصلوں کے ساتھ ساتھ گلاس کی فصل کو نقصان ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ گاندربل سے نمائندے ارشاد احمد نے اطلاع دی ہے کہ ضلع میں تین بجے سے پانچ بجے تک تیز ہوائوں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس کی وجہ سے گوٹلی باغ ، لار ، وتہ لار ،چونٹھ ولی وار ، کرہامہ ، واکورہ ،ززنہ اور بٹہ وینہ میں گلاس او ر میوہ فصل کو نقصان ہوا جبکہ سونہ مرگ ، کلن ، گنڈ میں بعد دوپہر سے تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو قریب دو گھنٹے تک جاری رہا ۔ترال میں بھی بارشیں ہوئیں جبکہ اننت ناگ سے نمائندے عارف بلوچ کے مطابق ضلع میں تیز بارشیں ہوئیں ۔کولگام میں بھی گذشتہ شام ہونے والی ژالہ باری کے نتیجے میں سیب ، ناشپاتی، آڑو، خوبانی ،سبزیوں اور دیگر میوہ جات کو نقصان پہنچا  ۔ اس دوران شہر سرینگر ، میں بھی بادل گرجنے کے ساتھ ہی اچانک سخت ژالہ باری اور بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا۔لیکن شہر میں بارشیں مخصوص علاقوں میں ہوئیں ، جو زیادہ تر بٹہ مالو، بمنہ، لال چوک،قمر واری، پارم پورہ، ایچ ایم ٹی، لاوے پورہ، نارہ بل، شالہ ٹینگ اور دیگر علاقوں میں ہوئیں۔
 

تازہ ترین