بصیر خان کا مڑوا بلاک کا دورہ | ترقیاتی پروجیکٹوں کی بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

تاریخ    30 مئی 2020 (00 : 03 AM)   


نیوز ڈیسک
جموں//انتظامیہ کو عوام کے دہلیز تک لانے کی کوششوں کے تحت لیفٹنٹ گورنر کے مشیر بصیر خان نے مڑھوہ بلاک میں گزنسو دیہات کا تفصیلی دورہ کر کے وہاں ایم جی نریگا ، پی ایم اے وائی ، بیک ٹو ولیج پروگرام اور دیگر مرکزی معاونت والی سکیموں کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا معائینہ کیا ۔  دورے کے دوران مشیر کو بتایا گیا کہ علاقے میں محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے منریگا ، پی ایم اے وائی اور بی ٹو وی کے تحت مختلف ترقیاتی کام جاری ہیں ۔ انہیں بتایا گیا کہ کسانوں کو فوری راحت پہنچانے کی غرض سے منریگا کے تحت گزنسو پنچائت میں1 لاکھ 19 ہزار روپے کی لاگت سے ایک آبپاشی نہر تعمیر کی جا رہی ہے ۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ 61 ہزار روپے کی لاگت سے ایک اور آبپاشی نہر کی صفائی کا کام بھی ہاتھ میں لیا گیا ہے اور ان کاموں کی تکمیل سے مقامی کسانوں کی زرعی ضروریات کیلئے وافر مقدار میں پانی دستیاب رہے گا ۔ مشیر نے بیک ٹو ولیج سکیم کے تحت 8 لاکھ 98 ہزار روپے کی لاگت سے نصب کئے گئے 250 کے وی اے ٹرانسفارمر کا بھی معائینہ کیا ۔ انہوں نے سوچھ بھارت مشن گرامین کے تحت ٹھٹھریال پنچائت میں بائیو گیس پلانٹ کی تعمیر کے کام کا بھی معائینہ کیا ۔ جس پر 12 لاکھ روپے کی لاگت آنے کا تخمینہ ہے ۔ انہوں نے پی ایم اے وائی کے تحت تعمیر کئے گئے مکانات کا بھی معائینہ کیا ۔ ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لینے کے دوران مشیر نے کہا کہ ان کاموں کی تکمیل سے دیہی بنیادی ڈھانچہ مستحکم ہو گا اور بجلی اور پانی کی ترسیل میں بہتری آئے گی اور ساتھ ہی آبگاہوں ، آبپاشی اور سیلاب سے بچاؤ کاموں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا ۔ مشیر نے متعلقہ محکموں کے افسروں کو موقعہ پر ہی کام کے معیار کا خاص خیال رکھنے اور پروجیکٹوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے پنچائتی راج اداروں کے ارکان کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کر کے انہیں مختلف محکموں کے تحت جاری سکیموں  کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہوں نے پنچائتی راج اراکین کو مقامی لوگوں کے ساتھ قریبی روابط قائم کر کے اُن کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنے کیلئے بھی کہا ۔ 
 

تازہ ترین