تازہ ترین

پاکستان میں مزید 3 ڈاکٹروں کی موت | طبی عملے کے متاثرین کی تعداد 1904 ہوگئی

تاریخ    30 مئی 2020 (00 : 03 AM)   


یو این آئی
اسلام آباد // پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث مزید 3 فرنٹ لائن ڈاکٹرز انتقال کرگئے جبکہ عالمی وبا سے متاثر ہونے والے طبی عملے سے وابستہ افراد کی تعداد ایک ہزار 904 ہوگئی۔جاں بحق ہونے والے ڈاکٹروں میں بولان میڈیکل کمپلیکس کے ٹراما سینٹر کے انچارج ڈاکٹر زبیر احمد، پنجاب کی لیڈی ڈاکٹر ثنا فاطمہ اور ہنگو کے طبی مرکز میں فرائض سرانجام دینے والے افغان ڈاکٹر خانزادہ شامل ہیں۔کوئٹہ میں بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں قائم ٹراما سینٹر کے انچارج ڈاکٹر زبیر احمد کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوگئے جن کا کورونا ٹیسٹ کچھ روز قبل مثبت آیا تھا۔وزارت صحت کی جانب سے 29 مئی کو سامنے آنے والے 28 مئی شب 8 بجے تک کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک ملک میں طبی عملے سے وابستہ ایک ہزار 904 افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں ایک ہزار 35 ڈاکٹرز، 299 نرسز اور دیگر طبی عملہ شامل ہے جبکہ 17 جاں بحق بھی ہوئے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق پاکستانی زیر انتظام کشمیر طبی عملے کے 9 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جن میں 4 ڈاکٹرز اور عملے کے دیگر 5 افراد شامل ہیں۔بلوچستان میں طبی عملے کے 237 افراد کورونا میں مبتلا ہیں جن میں 173 ڈاکٹرز، 4 نرسز اور عملے کے دیگر 60 افراد شامل ہیں جبکہ 2 ڈاکٹرز انتقال بھی کرچکے ہیں۔
 

تازہ ترین