لاک ڈاؤن میں مہاجر مزدوروں کو سب سے زیادہ تکلیف ہوئی:راہل

24 مئی 2020 (00 : 03 AM)   
(      )

نئی دہلی// کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ کورونا نے متعدد لوگوں کو تکلیف پہنچائی ہے لیکن سب سے زیادہ درد اس نے مہاجر مزدوروں کو دیا ہے جنہیں ماراپیٹا گیا، روگا گیا، ڈرایا دھمکایا گیا لیکن وہ رکے نہیں اور اپنے گھروں کی جانب چلتے رہے ۔راہل  گاندھی نے ہفتہ کومہاجر مزدوروں کے ساتھ بات چیت کی ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کو ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ وہ ان کی پریشانیوں کو دور کرنے اور انہیں ان کے گھروں تک پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے ہریانہ سے اپنے گھر واپس لوٹ رہے اترپردیش کے کچھ مزدوروں کے ساتھ بات چیت کرکے ان کے مسائل سنتے ہوئے کہا کہ روزی روٹی چھن جانے کی وجہ سے پریشان ہزاروں مزدور سینکڑوں کلومیٹر پیدل چل کر اپنے گھر جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مزدور صرف کام چاہتے ہیں۔ مہاجر مزدور سب سے زیادہ اس بات سے پریشان ہیں کہ وزیراعظم نریندر مودی نے لاک ڈاؤن نافذ کرتے وقت ان کی پرواہ نہیں کی اور اچانک لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔ مزدور اس سے بھی پریشان ہیں کہ لاک ڈاؤن مسلسل بڑھایا جارہا ہے اور انہیں اپنے گھر جانے کا موقع نہیں مل رہا ہے ۔ ویڈیو میں مزدوروں نے کانگریس لیڈر سے کہا کہ لاک ڈاؤن نافذ کرنے سے پہلے مودی کو یہ سوچنا چاہئے تھا کہ اس ملک میں غریب بھی رہتے ہیں جو دن میں کماتے ہیں اور شام کو اسی کمائی سے پیٹ بھرتے ہیں۔ انہیں غریبوں کا دھیان رکھنا چاہئے تھا اور اسی لحاظ سے فیصلہ کرنا چاہئے تھا ، لیکن وہ ہمیشہ کی طرح اچانک ٹی وی پر آئے اور ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا۔