تازہ ترین

ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد سوا لاکھ سے متجاوز

تاریخ    24 مئی 2020 (00 : 03 AM)   


نئی دہلی// ملک میں مسلسل دو دن سے عالمی وبا کورونا وائرس انفیکشن کے 6ہزار سے زیادہ کیس سامنے آنے سے متاثرین کی مجموعی تعداد سوا لاکھ کے اعداد و شمار کو پار کرکے 1,25,101 تک پہنچ گئی ہے تاہم راحت کی بات یہ ہے کہ ملک میں 50 ہزار سے زائد لوگوں نے اس انفیکشن سے نجات بھی پائی ہے۔مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے ہفتہ کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا انفیکشن کے اب تک کے سب سے زیادہ 6654 نئے کیسز سامنے آئے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد1,25,101تک پہنچ گئی۔ ملک میں کل فعال کیسز 69597 ہیں۔ اس سے ایک دن پہلے 6088 نئے کیسز سامنے آئے تھے ۔ملک میں کووڈ -19 وبا سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 137 افراد کی موت ہونے سے ہلاک شدگان کی تعداد 3720 ہو گئی۔ جمعہ کے مقابلہ ہفتہ کو مرنے والوں کی تعداد میں کچھ کمی آئی ہے ۔ جمعہ کے اعدادوشمار کے مطابق ایک دن میں کووڈ -19 سے 148 افراد کی موت ہوئی تھی۔ انفیکشن کے بڑھتے کیسزکے درمیان اس وبا سے ٹھیک ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3250 لوگ اس وبا سے آزاد ہوئے ہیں جس سے صحت مند ہو نے والے لوگوں کی کل تعداد 51،784 ہو گئی ہے ۔ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ مہاراشٹر متاثر ہوا ہے اور کل متاثرین کے کیسز میں ایک تہائی سے زیادہ حصہ یہیں کا ہے ۔ مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2940 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 44582 ہو گئی ہے اور کل 1517 افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ 12583 لوگ اس انفیکشن سے ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں تامل ناڈو دوسرے نمبر پر ہے ۔ تمل ناڈو میں اب تک 14,753 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور 98 اموات ہوئی ہیں جبکہ 7128 لوگوں کے علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے چھٹی مل چکی ہے ۔