تازہ ترین

عیدالفطر2020؛

مشیران حکومت ،چیف سیکریٹری اورپولیس سربراہ کی تہنیت

تاریخ    24 مئی 2020 (00 : 03 AM)   


  جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیران بصیر احمد خان ، فارو ق خان،راجیو رائے بھٹناگر اور کے کے شرما نے عید الفطر کے مبارک موقعہ پر عوام کو مبارک باد پیش کی ہے۔اپنے مبارک بادی پیغامات میں مشیران نے اُمید ظاہر کی کہ یہ دِن جموںوکشمیر کے لئے ترقی ، امن ، بھائی چارے ، امن و آشتی کی نوید لے کر آئے گا ۔ انہوں نے یوٹی عوام کے لئے خیرو عافیت اور خوشحال کے لئے دعا کی۔چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے مبارکبادی کے پیغام میں کہا کہ یہ تہوار رمضان کے مقدس ماہ کے اختتام پر منایا جاتا ہے جو کہ رحم دِلی اور ہمدردی کے جذبوں ، سخاوت ، نیک اعمال اور برائیوں سے دُور رہنے کا سبق دیتا ہے اور بندوں کو  خود احتسابی کا موقعہ فراہم کرنے کے ساتھ ان میں رحم دلی کے اَقدار کو بھی اُبھارتا ہے ۔اس موقعہ پر چیف سیکرٹری نے جموں وکشمیر عوام کی خوشحالی اور انبساط کے لئے دعا کی۔ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے عوام کو بالعموم اور پولیس اور فورسز کو بالخصوص عید مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ مقدس تہوار جموں کشمیر کی سلامتی کی نوید بن کر آئے گا۔انہوں نے عوام سے تلقین کی کہ کورونا وائرس سے نجات کیلئے بھی اللہ تعالی کے سامنے ہاتھ اٹھائیں۔ 
 

نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی،بھاجپا،پی ڈی ایف اور پیپلز کانفرنس کی مبارکباد

سرینگر// نیشنل کانفرنس، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی،بھارتیہ جنتا پارٹی،پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ، پیپلز کانفرنس اورگورنمنٹ ایمپلائز کانفرنس نے عید المبارک پرعوام کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی ہے۔ نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عیدالفطر کی مقدس تقریب سعید پر عالم اسلام خصوصاً ریاست کے فرزندان توحید کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید کی اِن مسرت گھڑیوں میں اپنی ریاست کے اُن بھائیوں اور بہنوں کو یاد کرنے کی ضرورت ہے جو زمانے کے ستم رسیدہ ہیں اور موجودہ صورتحال کے نتیجے میں اقتصادی بدحالی کا شکار ہوگئے ہیں اور اپنے معصوم بچوں اور اہل خانہ کیلئے بنیادی ضروریات میسر رکھنے کے اہل نہیں ہیں۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہاکہ اللہ تعالیٰ یہ عید پوری عالم انسانیت کی بقا کیلئے ، عالم اسلام کی سربلندی ، لوگوں کو مسرتوں اور شادمانیوں کی باعث ہو۔ پی ڈی پی کے ترجمان نے عوام کو عید مبارک  پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوروناوائرس کے پیش نظر عید سادگی سے منائیں۔پارٹی کے یوتھ جنرل سیکریٹری عارف لائیگرو نے بھی عوام کو عید کی مبارکباد پیش کی ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے میڈیا انچارج منظور بٹ نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ دن ملک کی خوشحالی اور سلامتی کی نوید بن کر آئے گا۔ پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم یاسین نے عیدالفطر کے مقدس موقع پر ریاست کے لوگوں خاصکر امت مسلمہ کو  دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے دعا کی کہ یہ مقدس تقریب عالم انسانیت خاصکر جموں و کشمیر میں امن ، خوشحالی اور ترقی کی نوید بن کر آئے۔ انہوںنے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عالمی سطح کی وباء کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بار عیدالفطر کی تقریب نہایت ہی سادہ گی اور کنایت شعاری سے منائیں۔ پیپلز کانفرنس کے نائب صدر عبدالغنی وکیل نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ کرے کہ اس دن کے طفیل اب عالمی وباء کوروناوائرس سے نجات مل جائے۔گورنمنٹ ایمپلائز کانفرنس کے صدر اورجی آر بیگ میموریل ٹرسٹ کے چیئر مین اشتیاق بیگ نے عید الفطر کے مقدس موقع پر عالم اسلام کو مبارک باد پیش کر کے،لوگوں کو سماج کے کمزور طبقے کا مکمل خیال رکھنے کی اپیل کی ہے تاکہ وہ بھی عید کی ان خشیوں میں شامل ہو جائیں۔
 

’ انسانیت کی سلامتی کیلئے دعا کریں‘

جمعیت اہلحدیث ، جمعیت علماء اہل السنت والجماعت ،انجمن شرعی شیعیان

سرینگر/جمعیت اہلحدیث ، جمعیت علماء اہل السنت والجماعت ،انجمن شرعی شیعیان/ اورتحریک استقلال نے عوام کو عید مبارک پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مقدس موقع پر انسانیت کی سلامتی کیلئے دعا کریں۔جمعیت اہلحدیث نے عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہائی نامساعد حالات اور عالمی سطح پر سخت ترین ضرر رساں وبائی ہوائوں کے بیچ عید سادگی سے منائیں۔پارٹی صدرپروفیسر غلام محمد بٹ نے اپنے عید پیغام میںعوام سے گزارش کی کہ اپنی دعاوں میں بطور خاص کرکورونا وبا کے خاتمے کے لیے دعاکریں۔ جمعیت علماء اہل السنت والجماعت جموں وکشمیرنے کورونا وائرس کے عالمی پھیلاؤ کے بیچ عید الفطر کا پیغام فرزندان ملت اسلامیہ کے نام جاری کرتے ہوئے کہا کہ خدا کرے کہ یہ عید کورونا وائرس سے نجات کا پیغام لیکر آئے ۔جمعیت کے سکریٹری مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی نے کہاکہ آج پوری دینا کے ساتھ ساتھ پوراعالم اسلام بھی ایک عجیب وغریب صورت حال سے دو چار ہے ۔بیان کے مطابق قہر الٰہی وباء کی صورت میں سامنے آجاتا ہے لہٰذا یہ بات مسلمہ ہی کہ کورونا وائرس کو اعلان جنگ سے نہیں بلکہ اعلان عاجزی وانکساری سے ختم کیا جاسکتاہے اپنے اندرخوف خداپیدا کرکے ان اسباب وعلل سے بچنے سے ختم کیا جاسکتا ہے۔ مولانا قاسمی نے ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اسلام نے ناجائز منافع خوری و ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ ودھوکہ دہی نیزناپ تول میں کمی اور غیر معیاری چیزوں کو معیاری چیزوںکی قیمت پر فروخت کرنے  سے سختی کے ساتھ منع کیا ہے۔انجمن شرعی شیعیان نے عیدالفطر کے موقعہ پرمبارک پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مقدس موقع پر انسانیت کی سلامتی کے لئے دعا کریں۔ انہوںنے کہا کہ رمضان المبارک رخصت ہوچکا ہے اور جو اس کی برکات سے سرفراز ہوا اور بلا شبہ وہی لوگ عید کی حقیقی اور معنوی مسرتوں کو محسوس کرسکتے ہیں۔آغا حسن نے کہا کہ اگر خدا نہ خواستہ ماہ مبارک رخصت ہوتے ہی ہم نے اس نقش راہ سے انحراف کا مظاہرہ کیا تو ہمارے روزوں کی حیثیت جسمانی فاقہ کے سوا کچھ نہیں رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ نے ماہ مبارک کے اختتام کو عید الفطر کے ساتھ مربوط کرکے مسلمانوں پر یہ حقیقت واضح کردی ہے کہ ایسی خوشیوں اور مسرتوں کا کوئی معنی ہی نہیں جس میں سماج کے مفلوک الحال، محتاج اور مساکین کو شریک نہ کیا جائے۔تحریک استقلال کے وائس چیرمین مشتاق احمد بٹ نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ خوشی کے اس موقع پر اپنے ان بھائی بہنوں ،بیوائوں اوردیگر مستحقین کا خصوصی خیال رکھیں ۔حقانی میموریل ٹرسٹ نے بھی عیدالفطر کے مبارک موقع پر مسلمانانِ عالم خصوصاً جموں و کشمیر کے مسلمانوں کو ہدیہ تہنیت پیش کی ہے ۔
 

ضرورتمندوں کو نہ بھولیں،تجارتی انجمنوں کی اپیل 

سرینگر//تجارتی انجمنوں نے عوام کو عید سادگی سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس وبائی صورتحال میں ضرورتمندوں کو نہ بھولیں۔کشمیر اکناملک الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار نے لوگوں کو عید مبارک پیش کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی عید منا کر اپنے ہمسائیوں اورمفلوک الحال لوگوں کو فراموش نہ کریں،بلکہ اس بات کی کوشش کریں کہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہوں۔الائنس کے چیئرمین محمد یوسف چاپری،ترجمان اعلیٰ،محمد صدیق رونگہ،نائب چیئرمین اعجاز شہدار اور سنیئر لیڈر حاجی نثار نے بھی اہل اسلام کو عید مبارک پیش کی ہے۔ کشمیر ٹریدرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے صدر حاجی محمد یاسین خان نے مسلمانان جموں کشمیر کو عید مبارک پیش کرتے ہوئے لوگوں سے سادگی کے ساتھ عید منانے کی اپیل کی ہے۔ فیڈریشن کے قائمقام صدر منظور احمد بٹ اور جنرل سیکریٹری بشیر احمد کنگپوش،کے ٹی ایم ایف کے دوسرے دھڑے کے صدر حاجی محمد صادق بقال،ایک اور دھڑے کے صدر بشیر احمد راتھر اور بیکرس اینڈ کنفکشنریز ایسو سی ایشن کے ایڈیشنل سیکریٹری شاہد حسین نے بھی عید الفطر کے موقعہ پر جموں کشمیر کے لوگوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ مٹن ڈیلرس ایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری معراج الدین گنائی، ٹورسٹ ٹیکسی کیبس کے صدر غلام نبی پانڈوں،کشمیر شکارہ ایسو سی ایشن کے صدر حاجی ولی محمد،سوپور اکنامک الائنس کے سربراہ حاجی محمد اشرف گنائی ،کشمیر ٹریڈ چیمبر اور کشمیر ٹریڈ الائنس نے بھی عید پر مسلمانان کشمیر کو خصوصی طور پر عید مبارک پیش کیا ہے۔