تازہ ترین

گھریلو پروازوں کا آغاز

سوموار سے سرینگر ائر پورٹ پر13پروازیں شروع ہونگی

23 مئی 2020 (00 : 03 AM)   
(      )

ثاقب ملک
سرینگر//کووِڈ- 19 کی عالمگیر وباء کے پیش نظر دوماہ سے بند فضائی ٹریفک کی سوموار سے بحالی کے ساتھ ہی سرینگر ائر پورٹ سے13پروازیں شروع ہوں گی۔ڈائریکٹر جنرل شہری ہوابازی کی طرف سے جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق سرینگر ائر پورٹ سے معمول کی32پروازوں میں سے13پروزایں اگلے ایک ماہ تک سرینگر ہوائی اڈے سے اُڑان بھریں گی۔ موسم گرماکا شیڈول25مئی سے 30 جون تک نافذالعمل ہوگا۔ہوابازی کے ریگولیٹر نے چار سے پانچ روز کا باری باری کاشیڈول مختلف ہوائی کمپنیوں کوالاٹ کیا ہے ۔شیڈول کے مطابق سرینگر ائر پورٹ پر روزپہلی پروازصبح 7بجکر25منٹ پر اُترے گی جبکہ آخری پروازدن کے2بجکر40منٹ پر سرینگرپہنچے گی۔کشمیرعظمیٰ کیساتھ بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر ائر پورٹ اتھارٹی آف انڈیاسرینگرسنتوش ڈھوکے نے کہا کہ نئے فلائٹ شیڈول میں کووِڈ-19کی وجہ سے پروازوں کی تعداد میںساٹھ فیصد کمی ہوئی ہے ۔اس شیڈول میں پروازوں کی تعداد میں نمایاں کمی کی گئی ہے ۔موسم گرما میں گزشتہ برس سرینگر کیلئے32اُڑانیں ہوتی تھیں ۔اس سال یہ کم ہوکر13رہ گئی ہیں ۔بدھ کو وزارت شہری ہوابازی نے25مئی سے ملک بھر میں اندرون ملک تجارتی پروازوں کی اجازت دی۔ڈھوکے نے کہا کہ انہوں نے مسافروں اور اسٹاف ممبروں کی’’بغیررابطہ‘‘نقل وحرکت کو یقینی بنانے کیلئے انتظاما ت کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سرینگرائر پورٹ کے گیٹ نمبر ایک پرایک سپرے ٹنل سرینگرمیونسپل کارپوریشن نے نصب کی ہے ۔اس کے علاوہ وزارت داخلہ اور شہری ہوا بازی وزارت کی طرف سے جاری کئے گئے ضوابط کے تحت سماجی دوریوں کو بھی عملایا جائے گا۔ڈھوکے نے کہا کہ شناختی ثبوت کی جانچ ویب کیمروں کے ذریعے کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مرکزی وزارت صحت وخاندانی بہبود کی طرف سے جاری کئے گئے ضوابط پر ہوائی ٹریفک کی بحالی کے بعد بھی عمل کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ مسافروں کے لئے لازمی ہے کہ و ہ آروگیہ سیتوایپ کو اپنے فون میں انسٹال کریں اورانہیں اس میں دیئے گئے سوالات کے جواب دینے ہوں گے۔اگر وہ ’سبز‘زمرے میں آتے ہوں تو ہی انہیں پروازمیں بیٹھنے کی اجازت ہوگی ۔جن لوگوں کو ایپ میں ’سرخ‘زمرے میں دکھایا جائے گاانہیں سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
 

تازہ ترین